وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا این ٹی ایس پاس کرنے والے 21 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا حکم

جمعہ 5 جنوری 2018 23:00

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا این ٹی ایس پاس کرنے والے 21 ہزار اساتذہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو این ٹی ایس پاس کرنے والے 21 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے اور 1992 میں تعینات ہونے والے اساتذہ کو ترقی دینے کا حکم دیدیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اساتذہ کی نمائندہ جماعت سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیچر ایسوی ایشن کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جب کہ این ٹی ایس پاس کرنے والے 21 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا بل کیبنٹ بھی پاس کرچکی ہے اسی لیے ہم بغیر کسی تاخیر کے ان اساتذہ کو معاہدوں کو مستقل کریں گے۔

وزیراعلی سندھ نے محکمہ تعلیم سندھ کو نہ صرف این ٹی ایس پاس کرنے والے 21 ہزار اساتذہ کو فوری مستقل کرنے کا حکم دیا بلکہ 1992 میں تعینات ہونے والے اساتذہ کو ترقی دینے کا بھی حکم دیا۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے 1992 میں گریڈ 17 پر تعینات ہونے والے 12 ہزار اساتذہ کو ترقی نہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری خزانہ کو 24 گھنٹے کے اندر معاملے کو حل کرنے کا حکم دیا۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے بھی اساتذہ کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال کو ان کی جلد رہائی کی ہدایت کی تھی۔واضح رہے کراچی میں خواتین اور مرد اساتذہ کی بڑی تعداد ملازمت مستقل کرنے کے مطالبے کے حق میں احتجاج کررہی تھی اور اس حوالے سے دھرنا بھی دیا گیا تھا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے درجنوں اساتذہ کو گرفتار کرلیا تھا۔

متعلقہ عنوان :