پاکستان کے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہنے کی وجہ نااہل حکمران ہیں ، قرضوں پہ قرضے لے کر ملکی معیشت کو غرق کر دیا،

کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ بد نام ہو چکا ہے دنیا بھر میں اس رسوائی کے پیچھے چور حکمران ہیں ہم نے ساڑھے چار سالوں میںگزشتہ 70 سال سے تباہ حال اداروں کو ٹھیک کیا،اے این پی نے پختونوں کے نام پر حکومت بنائی مگر عملی طور پر پختونوں کی فلاح کیلئے کچھ نہیں کیا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا مختلف تقریبات سے خطاب

جمعہ 5 جنوری 2018 22:54

پاکستان کے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہنے کی وجہ نااہل حکمران ہیں ، قرضوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہنے کی وجہ نااہل حکمران ہیں ،نا اہل حکمران کہتے ہیں کہ پاکستان میں تر قی اور خوشحالی لوٹ آئی ہے ،کیا خاک خوشحالی ہے، قرضوں پہ قرضے لے کر ملکی معیشت کو غرق کر دیا، کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ بد نام ہو چکا ہے دنیا بھر میں اس رسوائی کے پیچھے چور حکمران ہیں جنہوں نے اپنی تجوریاں بھریں مگر کبھی بھی عوام کی خدمت نہیں کی ،خیبر پختونخوا میں غریب عوام پر قدرت مہربان ہوئی جسکے نتیجے میں تحریک انصاف کی حکومت آئی ہم نے ساڑھے چار سالوں میںگزشتہ 70 سال سے تباہ حال اداروں کو ٹھیک کرکے ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا،اے این پی نے پختونوں کے نام پر حکومت بنائی مگر عملی طور پر پختونوں کی فلاح کیلئے کچھ نہیں کیا،پی ٹی آئی اور دیگر روایتی سیاسی جماعتوں میں فرق یہی ہے کہ ہم نے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کی ۔

(جاری ہے)

خدمات کی فراہمی کا شفاف نظام بنایا جبکہ سابقہ صوبائی حکومت نے صوبے میں کرپشن اور کمیشن کلچر کی بنیاد رکھی ، ہمیں رشوت اور لوٹ مار سے بھرے ادارے ملے،ڈاکٹر ز، استاد اور پولیس پر سیاست کرکے ان اداروںکو تباہ کردیا گیا،صوبے میں دو نمبرعمارتیں کھڑی کیں ،جن میں مطلوبہ خدمات کی فراہمی کیلئے عملہ اور آلات تک موجود نہیں تھے ۔موجودہ صوبائی حکومت نے اداروں کو نئے خطوط پر استوار کیا اور سیاسی مداخلت ختم کرکے عوام کی خدمت پر لگایا۔

یہی وہ تبدیلی ہے جس کا ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا، اے این پی ، ایم ایم اے اور دیگر روایتی سیاسی جماعتیں اب عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں ۔تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی ،عوام میں تحریک انصاف کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ ایماندار قیادت ہے ،اس حقیقت میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے کہ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے بھی ایک نڈر ، مخلص اور ایماندار لیڈر کی ضرورت ہے۔

وہ یونین کونسل زیارت کاکا صاحب میں 358.346 ملین روپے کی منظورشدہ لاگت سے کیٹگری ڈی ہسپتال ،24.802 ملین روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول اور 13.21 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پل کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی جلسے اورایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل حاجی محمد ریاض خان ایڈوکیٹ کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ضلع ناظم لیاقت خٹک ، اسحاق خٹک، احد خٹک،ناظم ویلج کونسل جمیل الدین اور نائب ناظم یونین کونسل میاں انیس الدین کاکا خیل میاں گوہر علی شاہ اور حاجی محمد ریاض ایڈوکیٹ نے خطاب کیا۔

جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما اشفاق پراچہ، ضلعی جنرل سیکرٹری ملک ابرار،ا مجد اعظم عرف قائد اعظم سلیم مجاہد، نہار خان آف رشکی، عبداللہ جان عرف بابو اور گل انور بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جسے عوام کو درپیش مسائل کی فکر ہے ۔ہمیں کوئی ذاتی لالچ نہیں ، ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہاکہ قوم کیلئے سوچنے کا مقام ہے کہ پاکستان بننے کے بعد خیبرپختونخوا اور مرکزی سطح پر جتنی بھی حکومتیں آئیں، کسی نے بھی عام آدمی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا۔ یہ مفاد پرست سیاستدان قوم کے مجرم ہیں انہوںنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے اداروں میں مداخلت کی اور نظام کو تباہ کیا۔ اگر یہ لوٹ مار نہ کرتے اور اپنی ذمہ داری کا تھوڑابہت بھی احساس کرتے تو آج حالات مختلف ہوتے مگر نااہل حکمرانوں کو صرف اپنی سیاست سے مطلب ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کے مقابلے میں بنگلہ دیش ، ملایشیا، کوریا، چین اور دیگر ممالک بہت آگے نکل چکے ہیںاور ہم دن بدن مسائل میں گھرِتے چلے جارہے ہیں۔ ہماری اس پستی اور زوال کی بنیادی وجہ یہ نااہل اور کرپٹ حکمران ہیں جنہوںنے ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے نہیں دیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو ایماندار قیادت مل جائے تو امریکہ کی مدد کی ضرورت نہیں ۔

پاکستان ترقیافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہے ۔ہم بھی دُنیا میں عزت کے ساتھ سر اُٹھا کر جی سکتے ہیںمگر اس کے لئے نااہل حکمرانوں اور عوام دشمن عناصر کا راستہ روک کر ایماندار قیادت کو آگے لانا ہو گا۔ پرویز خٹک نے صوبائی حکومت کی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت عملی اقدامات کئے ۔

تعلیم ، صحت ، پولیس اور دیگر تمام شعبوں کو خدمات کی فراہمی کے قابل بنایا ۔سرمایہ کاری کے راستے کھولے ۔ صوبے بھر میں امن عامہ کو بحال کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اے این پی کے دور میں حکمرانوں کیلئے اپنے گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو تا تھاجب کبھی وہ باہر نکلتے تو خوف کے مارے ساری سڑکیں بلاک کردیتے جس سے عام آدمی کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔

اُنہوںنے واضح کیا کہ ہماری نیت صاف تھی اور اپنے ایجنڈے کی تکمیل میں مخلص تھے جس کی وجہ سے الله تعالیٰ نے ہم پر رحم کیا اور ہماری مدد کی ۔آج ہمارے بدترین مخالف بھی بغیر کسی خوف اور فکر کے عوام میں گھومتے ہیں اور جلسے کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں میں یہی فرق ہے کہ ہم نے ماضی کے تباہ حال شعبوں کو تبدیلی سے ہمکنار کیا ، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز پورے کئے ، مشینری فراہم کی اور غریب لوگوں کے مفت علاج کا بندوبست کیا ۔

ہماری تبدیلی یہ ہے کہ ہم نے 45 ہزار اساتذہ بھرتی کئے ، سکولوں میں نئے کمرے بنائے اور غریب کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے سکولوں کا معیار بلند کیا ۔ہم نے کمیشن کلچر کو ختم کرکے معیاری ادارے بنائے اور اداروں کے پس پردہ مقاصد کے حصول کیلئے با اختیار بورڈز اور اتھارٹیاں بنائیں ۔ نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے ٹیکنکل مراکزکو ایئر فورس کے سپر د کیا حالانکہ ماضی میں فنی تعلیم کے نام پر دو نمبر اسناد تقسیم ہوتی تھیں۔

اے این پی کے دور میں رشوت اور لوٹ مار عام تھی ۔ ہمیں حیدر ہوتی اور اسفندیار کی جائیدادیں معلوم ہیں ۔ ہم نے دیکھا ہے کہ اُن کی حالت کیا تھی اور حکومت میں آنے کے بعد کس طرح اربوں کے مالک بن گئے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف اور موجودہ صوبائی حکومت کے خلاف باتیں کرنے سے پہلے اُن کو آئینہ میں اپنی شکل دیکھ لینی چاہیئے ۔ موجودہ صوبائی حکومت اُن کے پھیلائے ہوئے گند کو صاف کرنے میں مصروف ہے۔