پولیس افسران سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق عوامی مسائل حل کریں، آئی جی پنجاب

جمعہ 5 جنوری 2018 22:36

پولیس افسران سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق عوامی مسائل ..
لاہور۔5 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ افسران و اہلکار خدمت خلق کو شعار بناتے ہوئے عوام کی جا ن ومال اور عزت کے تحفظ کیلئے پہلے سے زیادہ محنت ، ذمہ داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اورخود کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسرنہ اٹھا رکھیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہورپولیس کے انٹیلی جنس سسٹم ٹرپل ون سے استفادہ کریں کیونکہ یہ جدیدپولیسنگ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ازحد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے غریب ، بے سہارا ور مستحق افراد کی مدد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاکید کی کہ افسران ٹیم لیڈر کا کردار اداکرتے ہوئے نہ صرف اپنے ماتحت اہلکاروں کو بہترین پرفارمنس دینے کیلئے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کی جانب راغب کریں بلکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس سسٹم میں آنے والی اصلاحات کو اپنا کر تھانہ کلچرمیں تبدیلی کے عمل کی رفتار کومزید بڑھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران سے ملاقا ت کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔

ملاقات میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ، بی اے ناصر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ ترقی ملنے سے عزت کے ساتھ ذمہ داری میںبھی اضافہ ہوجاتا ہے چنانچہ ترقی پانے والے افسران اپنے سینئرز کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی پرفارمنس میں مزید بہتری لاتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت ، لگن اور تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دیں اور ماتحت عملے کی ویلفئیر کیلئے ڈیوٹی کے اوقات کار کو آسان بناتے ہوئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے کی جانب سے ملنے والے ہر ذمہ داری سے عہدہ برا ء ہونے کیلئے پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کرتے ہوئے نتائج کواللہ پر چھوڑ دیا جائے جبکہ میرٹ سسٹم کی پاسداری سمیت، انصاف کے تقاضوں اورنظم و ضبط پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔آئی جی پنجاب نے مزید تاکید کی کہ لاہور پولیس کی طرز پراہلکاروں کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے اے سی آرز کو جلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ ترقی کے مستحق اہلکاروں کو انکاحق دینے میںتاخیر کا عمل ختم ہو سکے ۔انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ افسران فورس میں شامل اپنے ماتحتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور کوئی بھی ٹاسک دینے سے پہلے انہیں تمام پہلوؤں کے متعلق تفصیلی فریفنگ اور بھرپور اعتماد دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :