رائے ونڈ،وزیر اعلیٰ شہبازشریف شادی ہال میں ناحق قتل ہونے والی35سالہ مسلم لیگی رہنماء کے گھر پہنچ گئے ،اہل خانہ سے تعزیت کی

جمعہ 5 جنوری 2018 21:59

رائے ونڈ،وزیر اعلیٰ شہبازشریف شادی ہال میں ناحق قتل ہونے والی35سالہ ..
رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف گزشتہ دنوں شادی ہال ٹوپازمارکی جوہر ٹائون میں مسلح تصادم کے نتیجہ میں ناحق قتل ہونے والی35سالہ مسلم لیگی رہنماء صدر یوتھ ونگ قومی حلقہ این اے 128ملک محمد عمران شفیع کھوکھر کے گھر ان کی رہائش گاہ کھوکھر پیلس جوہر ٹائون میں پہنچ گئے ،جہاں انہوں نے مرحوم ملک عمران شفیع کھوکھر کے والد حلقہ کے معروف سینئر مسلم لیگی رہنماء ملک محمد شفیع کھوکھر ،چچائوں ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر اور ملک سیف ملوک کھوکھر سے تعزیت کی ،انہوں نے مرحوم ملک عمران شفیع کھوکھر کی تصویر دیکھ کر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ،انہوں نے فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو میں کہا کہ ملک افضل کھوکھر برادران کا شمار پنجاب کے شریف النفس سیاست دانوں میں سرفہرست ہے ،وہ مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں ،جنہوں نے میرے ویژن کو فروغ دیا ہے ،اسلحہ کلچر سے اس خاندان کا دور دور تک تعلق نہیں مگر یہ خدائے بزرگ و برتر کی رضا ہے کہ ان کے خاندان کا لاڈلہ بندوق کی گولی بھینٹ چڑھ گیا ،انہوں نے کہا کہ اس جانی نقصان کی تلافی جہان فانی میں کسی طور بھی ممکن نہیں اللہ آپ کو صبر جمیل دے اور مرحوم کے درجات بلند کرے ،انہوں نے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس کو سخت ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ملک عمران شفیع کھوکھر کے قاتلوں کو 24گھنٹوں میں گرفتار کرکے ان کے سامنے پیش کیا جائے خواہ وہ پاتال میں ہی کیوں نہ چھپے ہوں، انہوں نے شادی ہال میں اسلحہ لیجانے کی شدید مذمت کی اورپولیس کو اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ،وہ کافی دیر یہاں بیٹھے رہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک عرفان شفیع کھوکھر اور ملک فیصل سیف کھوکھر بھی موجودتھے ۔