کراچی،رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی سہراب گوٹھ میں کارروائی

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 16 دہشت گرد گرفتار ،،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد

جمعہ 5 جنوری 2018 19:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2018ء) رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 16 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ اور مومن آباد میں رینجرز اور انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سی ٹی ڈی اور رینجرز نے دو روز قبل بلدیہ قائم خانی کالونی میں مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا، اس دوران ملزمان کی جانب سے رینجرز پر فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے تبادلے کے بعد رینجرز اور سی ٹی ڈی نے سولہ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا، تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بلاک بم اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرزکے مطابق ملزمان استاد اسلم گروہ کے لئے کام کرتے ہیں، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت رفیع اللہ عارف عرف قاری، عبدالماجد عرف مفتی، یونس عرف انس اور محمد رزاق عرف شل دادا کے نام سے کی گئی ہے، جنہیں سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان استاد اسلم گروہ سے ہے۔ان کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان میں رفیع اللہ عارف عرف قاری، عبدالماجد عرف مفتی، محمد یونس عرف انس عرف یوسف سلیم، محمد رزاق عرف شل دادا، شمس الہدا عرف مولوی، عمر خالق عرف حسین، محمد جنید عرف عبدالمنان، جنید احمد، خان بہادر، عبدالغفار عرف ابو حریرا، محمد زین العابدین عرف صدیقی عرف سیف اللہ، سیف اللہ عرف سیفو، محمد آصف عرف ڈاکٹرعرف لنگڑا، ثنا ء اللہ عرف ثناء، عبدالعزیز عرف کامران، عمر علی زرگر شامل ہیں۔