پاک فضائیہ کے سربراہ کا ائیر مارشل اصغر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

جمعہ 5 جنوری 2018 18:41

پاک فضائیہ کے سربراہ کا ائیر مارشل اصغر خان کے انتقال پر گہرے رنج و ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2018ء) پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی کمانڈر اِن چیف ائیر مارشل اصغر خان کی وفات پرپاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ائیر مارشل اصغر خان کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ائیر چیف نے اپنے پیغام میںکہا کہ ائیر مارشل اصغر خان پاک فضائیہ کے تمام افراد کے لیے مشعلِ راہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ائیر مارشل اصغر خان جیسا بانی ملنا پاک فضائیہ کے لئے باعث افتخار ہے ۔ ائیر چیف نے کہا کہ آپ اعلیٰ کردار غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے حامل پیکر تھے ۔ انہوںنے مختصر وقت میں ایک نوزائیدہ ائیر فورس کو قائد اعظم کی بصیرت کے مطابق ایک بھر پور فوجی قوت میں ڈھالنے کے لئے انتھک محنت کی۔

(جاری ہے)

ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ انکی ان گنت خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔

انکے شاندارکارناموں کی وجہ سے آنے والے وقتوں میں بھی ائیر مارشل اصغر خان کو فادر آف پاکستان ائیر فورس کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ائیر مارشل اصغر خان 17جنوری 1921کوجموں کشمیر کے ایک درخشاں فوجی روایات کے حامل خاندان میں پیدا ہوئے۔ ایچی سن کالج سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے دسمبر 1940میں رائل انڈین ائیر فورس میں شمولیت اختیار کی۔

انہوںنے بحیثیت نوجوان فائٹر پائلٹ برما کے مقام پر دوسری جنگ عظیم میں شرکت کی۔1947میں پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے کے بعد انکا تبادلہ رائل پاک فضائیہ میں کر دیا گیا اور وہ رائل پاک فضائیہ کالج رسالپور کے پہلے کمانڈنٹ بنے۔ انہوں نے آزادی کے فوراً بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے محاذ پر چھڑنے والی پہلی جنگ میں بھی نمایاں خدمات سر انجام دیں۔

انہیں با بائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی رائل پاک فضائیہ ٹریننگ سکول رسالپور آمد پر انکے استقبال کا اعزاز بھی حاصل ہے۔جولائی 1957میںوہ 36برس کی عمر میںسب سے کم عمر پاکستانی کمانڈر ۔ان۔چیف بنے ۔ بحیثیت کمانڈر ۔ان۔چیف ائیر مارشل اصغر خان نے نئے جیٹ، بمبار، مسافر بردار، تربیتی طیاروں اور ہیلی کاپٹرزکو شامل کر کے پاک فضائیہ کو جدید فضائی قوت میں تبدیل کر دیا۔

انکی سربراہی میں پاک فضائیہ نے جدید F-86 sabres, T-33, T-37 Tweety Birds, B-57 Bombers, F-104, Star Fightersاور C-130 Herculesطیارے فضائی بیڑے میں شامل کئے۔ انہوں نے لڑاکا ہوابازوں کو جدید فضائی جنگوں میں مہارت دینے کے لئے نئے تربیتی پروگرامز بھی شروع کئے۔انکی بے لوث خدمات کے اعتراف میں پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کو 2017میں ائیر مارشل اصغر خان کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔