زبیدہ آپا کے انتقال پر سیاسی رہنمائوں کی جانب سے اظہار تعزیت

وزیراعلیٰ پنجاب ،بلاول بھٹو زرداری، مصطفی کمال اور فاروق ستار کی جانب سے زبیدہ طارق کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار

جمعہ 5 جنوری 2018 15:40

زبیدہ آپا کے انتقال پر سیاسی رہنمائوں کی جانب سے اظہار تعزیت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2018ء) امور خانہ داری کی ماہر ہردلعزیز کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ آپا کے انتقال پر سیاسی رہنمائوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ماہر امورخانہ داری زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپاگزشتہ روز کراچی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔ زبیدہ آپا کے انتقال کے بعد سیاسی رہنمائوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹرپراپنے تعزیتی بیان میںکہا کہ زبیدہ آپا بہترین شیف ہونے کے ساتھ بہت اچھی انسان بھی تھیں۔ انہوں نے زبیدہ آپا کی خدمات کے لیے شکریہ بھی اداکیا اوردعا کی کہ خدا ان کے گھروالوں کو صبرعطا کریاور ان کی مغفرت کرے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے معروف کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ آپا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مرحومہ کی روح کیلئے بلند درجات کے لئے دعا اورغمزدہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ زبیدہ آپا کئی خواتین کے لئے رول ماڈل خاتون خانہ تھیں۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے زبیدہ آپا کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ان کے بھائی انور مقصود سمیت تمام سوگوار لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما لیاقت علی جتوئی نے زبیدہ آپا کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، ہم زبیدہ آپا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے زبیدہ آپا کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا اور کہاکہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے اور زبیدہ آپا کے اہلخانہ کو صبر عطا فرمائے۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے زبیدہ آپا کے انتقال پرتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان کے گھر والوں کو صبرو جمیل عطا فرمائے۔ زبیدہ آپا کا جانا ہم سب کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے زبیدہ آپا کے بھائی انور مقصود اور ان کے گھروالوں کو صبر کرنے کی تلقین کی اور کہاکہ اللہ انہیں مغفرت عطا کرے۔میئر کراچی وسیم اخترنے زبیدہ آپا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا یہ خبر سن کر انہیں بے حد افسوس ہوا۔

اللہ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے آمین۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ ہروقت نفاست سے بنی سنوری رہنے والی آپا کی چوڑیاں اور بنارسی ساڑھی انہیں بہت پسند تھیں۔ زبیدہ آپا نے بھرپور زندگی گزاری۔ اللہ تعالی انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے، زبیدہ آپا کے کمال ٹوٹکے ہمیشہ یاد آئیں گے۔