میجر اسحاق شہید پر حملے میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد ظاہر شاہ ساتھی سمیت ہلاک

کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے مزید 4دہشتگرد گرفتار ژوب ، سبی ، ڈیرہ مراد جمالی ، مچھ اور کلی اسماعیل میں بھی فورسز کی کارروائیاں ، پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث8دہشت گردوں سمیت 15مشتبہ افراد گرفتار ، دھماکہ خیز مواد ، اسلحہ و مواصلاتی آلات بر آمد

جمعرات 4 جنوری 2018 22:59

میجر اسحاق شہید پر حملے میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2018ء) ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ، سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کارروائی کرتے ہوئے میجر اسحاق شہید پر حملے میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد ظاہر شاہ کو ساتھی سمیت ہلاک کردیا جبکہ 4دہشت گردوں کو بھی گرفتار کر لیا جو دوبارہ علاقے میں بارودی مواد نصب کرنے کے مشن پر تھے ، بلوچستان کے علاقوں سبی ، ژوب،ڈیرہ مراد جمالی ، مچھ اور کلی اسماعیل میں بھی پولیس پر حملوں میں ملوث8دہشت گردوں سمیت 15مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا ۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کارروائی کرتے ہوئے میجر اسحاق شہید پر حملے میں ملوث کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردظاہر شاہ اور اس کے ایک ساتھی کو ہلاک کردیا جبکہ دیگر 4دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں دوبارہ دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کے مشن پر تھے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر حملہ آوروں کو تلاش کر رہی تھی اور کامیابی سے ان تک پہنچ گئیں ۔ دریں اثناء آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے علاقوں ژوب ، سبی ، ڈیرہ مراد جمالی ، مچھ اور کلی اسماعیل میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث8دہشت گردوں سمیت 15مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان کے قبضے سے 70کلو گرام دھماکہ خیز مواد ، ہتھیار ، ایمونیشن اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے ۔