رانا تنویر حسین سے چین کے سفیر کی ملاقات ،ْ پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیق اور سائنس دانوں کے تبادلوں کا یقین دلایا

دونوں ممالک کی سرپرستی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے کمپلیکس ، سائنس سٹی اور سائنس ہائوس کے قیام میں تعاون بڑھانے کی تجویز

جمعرات 4 جنوری 2018 22:51

رانا تنویر حسین سے چین کے سفیر کی ملاقات ،ْ پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین سے پاکستان میں چین کے سفیر ہائوجینگ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیق اور سائنس دانوں کے تبادلوں کا یقین دلایا۔ ملاقات کے دوران سائنس و ٹیکنالوجی کی وفاقی سیکرٹری یاسمین مسعود، پاکستان کونسل آ ف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد عالم ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ایس ایم جنید اور پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف اور ماتحت اداروں کے کئی دیگر سینئیر افسران بھی موجود تھے۔

چین کے سفیر نے پاکستان کے سائنس دانوں اور ٹیکنالوجیکل ماہرین کے لیے سکالرشپس اور تربیت کی فراہمی کے متعدد پروگرامز کی پیش کش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے جدت پر مبنی نئے پروگراموں کی حکمت عملی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اور کہا کہ چین پاکستان کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ دو طرفہ پروگراموں سے بے حد متاثر ہوا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کی سرپرستی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے کمپلیکس ، سائنس سٹی اور سائنس ہائوس کے قیام میں تعاون بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ۔ ملاقات میں سی پیک کے تحت شروع کئے گئے نئے ترقیاتی اقدامات سے استفادہ کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ ملاقات میں گوادر میں اپنی نوعیت کے شاندار جوائنٹ لیبارٹری پراجیکٹ کی بھی تجویز پیش کی گئی ۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں نے قرار دیا کہ پاکستان اور چین ایک پٹی ایک شاہراہ شروعات سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور سائنس و ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :