ہم جمہوری لوگ ہیں اور تحریک عدم اعتماد کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے،

مخلوط حکومت نے اپنے ساڑھے چار سال انتہائی خوش اسلوبی سے پورے کئے،جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے اور ان کے مخالفین کو شکست کا سامنا کریاپڑیگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شیپنگ میر حاصل خان بزنجو سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 4 جنوری 2018 22:38

ہم جمہوری لوگ ہیں اور تحریک عدم اعتماد کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور تحریک عدم اعتماد کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے، ہمارا شروع دن ہی سے کوشش رہی ہے کہ مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں یہی وجہ ہے کہ مخلوط حکومت نے اپنے ساڑھے چار سال انتہائی خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے پورے کئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شیپنگ میر حاصل خان بزنجو سے ملاقات میں کیا جنہوں نے جمعرات کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور نیشنل پارٹی کے دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفاقی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے اور ان کے مخالفین کو شکست کا سامنا کریاپڑیگا۔

ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے اور سب کو ساتھ لیکر چلے ہیں، اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ انکی جماعت جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جمہوری وسیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ، جمہوری عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے نیشنل پارٹی بلوچستان حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔