پاکستان میں بھارت کی زبان بولنے کا فیشن بند ہو نا چاہئے ، حکمران پاکستان کے لئے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں ان کے اقدامات سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خوش نہیں ہوگا ،وزیر دفاع

کی گمراہ کن بیان بازی امریکہ و بھارت کو خوش کرنے کے لئے ہے ،حافظ محمد سعیداور انکی جماعت کے خلاف بیان پاکستان کی سلامتی و خود مختاری کے خلاف ہے،مذہبی، سیاسی وکشمیری جماعتوں کے رہنمائوں کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 4 جنوری 2018 22:36

پاکستان میں بھارت کی زبان بولنے کا فیشن بند ہو نا چاہئے ، حکمران پاکستان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2018ء) مذہبی، سیاسی وکشمیری جماعتوں کے رہنمائوںنے وزیر دفاع خرم دستگیر کے جماعة الدعوة سے متعلق بیان پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارت کی زبان بولنے کا فیشن بند ہو نا چاہئے ،حکمران پاکستان کے لئے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں ان کے اقدامات سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خوش نہیں ہوگا،محب وطن حافظ محمد سعیداور انکی جماعت کے خلاف بیان پاکستان کی سلامتی و خود مختاری کے خلاف ہے۔

وزیر دفاع کی گمراہ کن بیان بازی امریکہ و بھارت کو خوش کرنے کے لئے ہے۔حافظ محمد سعید کو اعلیٰ عدالتوں نے بری کیا۔وزیر دفاع کا یہ بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت کشمیریوں کا کیس لڑ رہی ہے ان کیخلاف اقدامات کشمیر کے ساتھ دشمنی ہوگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین،جمعیت علماء اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق،مسلم کانفرنس کے سربراہ ،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان ، جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمدزبیر،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان،جماعت اہلحدیث کے سربراہ حافظ عبدالغفار روپڑی اورنظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین،جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ وزیر دفاع کاجماعة الدعوةکے بارے میں بیان امریکہ و بھارت کو خوش کرنے کے لئے ہے۔حافظ محمد سعید پر امن بات کرتے ہیں کبھی شدت پسندی کی بات نہیں کی۔خرم دستگیرنے بھارت کو خوش کرنے کے لئے بیان دیا۔ہم سب کشمیر کی بات کرتے ہیں اور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے نواز شریف کے تعلقات و دوستی ہے اسی لئے انکے اراکین اسمبلی بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔

مسلم کانفرنس کے سربراہ ،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں دو قسم کی لابی موجود ہیں ایک لابی پاکستان کو پاکستان کے نقطہ نظر سے اور دوسری پاکستان کو ہندوستان کے نقطہ نظر سے دیکھتی ہے۔انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ہاں فیشن ہو گیا ہے کہ ایسی زبان بولی جائے جس سے بھارت کو اچھا پیغام جائے۔انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کو تمام عدالتوں نے بے گناہ،معصوم قرار دیا ہے۔

ان پر کوئی جرم کوئی ادارہ ثابت نہیں کر سکا۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں سب سے زیادہ انتہا پسند بھارت میں پائے جاتے ہیں۔ن لیگی وزراء انکا ذکر کیوں نہیں کرتی بابری مسجد،گولڈن ٹیمپل ،سانحہ گجرات کو کیوں بھول گئے،انتہا پسند ہندو تنظیموں نے مسلمانوں کا جینا محال کر رکھا ہے اس پر کیوں خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعةالدعوة اور ایف آئی ایف کی سماجی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

سندھ و بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں 70سالوں سے جہاں حکومت پانی نہیں پہنچا سکی حافظ محمد سعید کی جماعت وہاں کنویں بنا رہی ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمدزبیر نے کہاکہ ہمارے حکمران امریکی دباؤ میں ہیں اور امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہوکر ایسے لوگوں کی خلاف کارروائی کررہے ہیں جن کو عدالتوں نے بری کردیا ہے۔

وزیر دفاع خرم دستگیر کا بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت کشمیریوں کا کیس لڑ رہی ہے ان کیخلاف کسی قسم کی کاروائی کشمیر کے ساتھ دشمنی ہوگی۔ حکمران پاکستان کے لئے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں ان کے اقدامات سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خوش نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ خرم دستگیر کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ بھارت کے نہیں پاکستان کے وزیر دفاع ہیںحافظ محمد سعید پاکستانی قانون کو مانتے ہیں ان کے اور ان کی جماعت کے بارے میں وزیر دفاع کا بیان بھارت کو خوش کرنے کے لیے ہے وزیر دفاع کو سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کے وزیر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہیں وزیر دفاع کو پتہ نہیں ہوتا کہ ان کہ پاس کو ن سا عہدہ ہے پاکستان کے دشمنوں کو خوش کرنے کے لیے حکومتی وزیر پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملہ آور ہیں۔

جماعت اہلحدیث کے سربراہ حافظ عبدالغفار روپڑی اورنظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ نے کہاکہ وزیر دفاع جماعةالدعوة اور فلاح انسانیت فائونڈیشن کیخلاف کاروائی کر کے امریکہ و بھارت کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں اللہ کی پکڑ سے ڈرتے ہوئے محب وطن جماعتوں کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ سے باز رہنا چاہیے۔