وزیراعلیٰ سندھ کا 1992 میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کو ٹائم اسکیل ایوارڈ دینے کا فیصلہ

این ٹی ایس اور سندھ یونیورسٹی کے ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ کی خدمات ریگولرائز کی جائے گی، ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں فیصلے

جمعرات 4 جنوری 2018 22:30

وزیراعلیٰ سندھ کا 1992 میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کو ٹائم اسکیل ایوارڈ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پالیسی فیصلہ لیتے ہوئے 1992 میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کو ٹائم اسکیل ایوارڈ دینے اوراین ٹی ایس اور سندھ یونیورسٹی کے ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ کی خدمات ریگولرائز کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ انہوں نے یہ فیصلہ آج ٹیچرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا۔

وفد میں سینٹرل پریذیڈنٹ سندھ ولی محمد شلھگری ، سینٹرل جنرل سیکریٹری سندھ سکندر علی جتوئی ،سینئر نائب صدر غلام رسول مہر، پریذینٹ ڈسٹرکٹ سکھر سید ممتاز شاہ ، پریذیڈنٹ ضلع گھوٹکی ظفر اللہ شامل تھے۔ جبکہ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈھر، وزیر اعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری خزانہ ، اسپیشل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ناصر عباس سومرو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اساتذہ کی باڈی نے کہا کہ اساتذہ جنہوں نے سندھ یونیورسٹی اور اقرا یونیورسٹی سے ٹیسٹ کوالیفائی کیاہے انہیں بھی این ٹی ایس پاس کنٹریکٹ اساتذہ کے ساتھ ریگولرائز کیا جائے ۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ اقرا یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی سے کوالیفائی کرنے والے اساتذہ کی ریگولرائزیشن کے احکامات جاری کریں ۔ جہاں تک این ٹی ایس پاس کنٹریکٹر اساتذہ کی ریگولرائزیشن کاتعلق ہے تو اس کی کابینہ منظوری دے چکی ہے اور کابینہ کے مینٹس جاری ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم این ٹی ایس پاس کنٹریکٹ اساتذہ کو بغیر کسی شرائط کے ریگولرائز کررہے ہیں اس طرح سے 21 ہزار اساتذہ کو ریگولرائز کیا جائے گا۔اساتذہ نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ 1992 میں 12 ہزار اساتذہ کو گریڈ 7میں بھرتی کیا گیا تھا مگر انہوں نے ٹائم اسکیل سے انکار کردیاتھا ۔اس پر وزیر اعلی سندھ نے سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ اس مسئلے کو 28 گھنٹو ں کے اندر حل کرکے ان کے پاس منظوری کے لیے سمری بھیجیں۔

واضح رہے کہ ٹائم اسکیل کی منظوری سے گریڈ 7 اور 9 میں کام کرنے والے اساتذہ کو اپ گریڈ کرکے گریڈ 16 کردیاجائے گا۔اساتذہ نے کہا کہ کراچی میں کام کرنے والے این ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہیں رکی ہوئی ہیں ۔وزیر اعلی سندھ نے سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ ان کی تنخواہیں جاری کردی جائیں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وہ اساتذہ کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے تیار ہیں میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ آپ تعلیم کے معیار کی بہتری کے حوالے سے میرے ساتھ تعاون کریں ۔ اساتذہ کی ایسوسی ایشن نے وزیر اعلی سندھ کا ان کے مسائل کے حل اور ان کے مطالبات تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :