معاشرتی بگاڑ، ناانصافی کے تاریک سائے مٹانے کیلئے عملی اقدامات کئے، وزیراعلیٰ پرویزخٹک

جمعرات 4 جنوری 2018 22:18

معاشرتی بگاڑ، ناانصافی کے تاریک سائے مٹانے کیلئے عملی اقدامات کئے، ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء)وزیراعلیٰ ٰخیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ،صوبائی حکومت کی بہترپالیسیوں کی بدولت حقدار کو اسکاحق مل رہاہے ہم نے معاشرتی بگاڑ، ناانصافی کے تاریک سائے مٹانے کیلئے عملی اقدامات کئے، صوبے میں کرپشن کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے قانون سازی کی ۔ میرٹ کی بالادستی کیلئے شفاف پالیسی اور اقدامات اُٹھائے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے سیاسی کارکنوں کے 100 ممبر جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں ڈاکٹرز کی تعدادکو بڑھا کرساڑھے سات ہزار تک پہنچا یا۔ اب صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز موجود ہیں۔پہلے ہسپتالوں میں مشینری خراب تھی مگر اب تمام ہسپتالوں اور طبی مراکز کو جدید آلات اور سہولیات سے لیس کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ہم نے برسر اقتدار آکر ڈاکٹروں اور اساتذہ سے سیاست کا خاتمہ کیا اور ان کو عوام کی خدمت پر لگا دیا۔

(جاری ہے)

تھانوں میں سیاسی مداخلت کاخاتمہ کردیاہے ہم نے تعلیم میں امیر اور غریب کا فرق ختم کیا۔ عوام کو بہترین نظام، بنیادی حقوق اور انصاف دیا کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ حقیقی ترقی انصاف پر مبنی نظام سے مشروط ہے جو صحیح معنوں میں خوشحالی لاتی ہے۔آج ہماری تعلیم، صحت اور پولیس کی حالت دیکھ لیں۔ صوبے کے تمام سماجی شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں آچکی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کارکنوں کو مخاطب کرکے کہاکہ وہ حالات کی بہتری کیلئے آگے آئیں اور عوام کی بے لوث خدمت کو شعار بنائیں،صوبے میں ترقیاتی کا م جاری ہیں۔ غریب بچے سرکاری سکولوں میں اُردو میں تعلیم حاصل کرتے اور امیر انگریزی میڈیم سکول میں پڑھ کر آگے بڑھتے گئے جس نے ہماری قومی بنیادہی ہلا دی۔ منقسم قوم امریکہ کا مقابلہ کیسے کرسکتی ہے۔

ہم نے سرکاری سکولوں میں بنیادی تعلیم انگریز ی میں دی جس سے غریب کے بچے انگریزی میں پڑھ کر اور آگے بڑھ کر ہر محاذ پر کامیابی سے مقابلہ کر پائیں گے۔ ہم نے سب کیلئے راستے کھول دیئے ہیں۔ ہم نے بنیاد ٹھیک کردی ہے اور تبدیلی کا آغاز کر دیا ہے اور اس کو منطقی انجام تک بھی پہنچا رہے ہیں فرقوں میں بٹے اور طبقاتی تعلیم پانے والے عوام سے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے حال ہی میں ہسپتالوں کی بہتری کیلئے 3 ارب روپے مزید دیئے جس سے جدید مشینری مہیا کی جائے گی ۔ہم نے غریب عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈ کا انقلابی اقدام کیا جس سے ہر غریب خاندان کو 5 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ اس سہولت سے گزشتہ سال14 لاکھ لوگ مستفید ہوئے جبکہ اس سال پروگرام کو مزید وسعت دے کر 10 لاکھ مزید خاندانوں میں انصاف کارڈ تقسیم کئے گئے جو صوبے کی 70 فیصد آبادی کااحاطہ کرتا ہے ۔

ہم نے حکومت کی ہر ذمہ داری کی ادائیگی کا آغاز کردیا ہے۔ ہم نے شفاف حکمرانی اور انصاف کیلئے تمام اقدامات کئے ۔ ہم نے عوام کو اختیارات دیئے اور اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کی ۔ کرپشن سے پاک اور شفاف نظام کیلئے صوبے میں ای بڈنگ اور ای ٹینڈرنگ کا نظام بھی متعارف کیا۔