ہمیں سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں عالمی سطح کی عملیات پر عمل کرنا ہو گا،

نوجوانوں کی سائنس کی تعلیم کے حصول میں شمولیت کیلئے انفراسٹرکچر کی ترقی میں زیادہ دلچسپی لی جائے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا سائنس ٹیلنٹ فارمنگ سکیم کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ بارے بین الوزارتی و سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 4 جنوری 2018 22:14

ہمیں سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں عالمی سطح کی عملیات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں ہمیں عالمی سطح کی عملیات پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں نوجوان پاکستانی طلباء کیلئے سائنس ٹیلنٹ فارمنگ سکیم کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں بین الوزارتی و سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سٹیئرنگ کمیٹی نے پراجیکٹ سائنس ٹیلنٹ فارمنگ سکیم پر عملدرآمد کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے اجلاس کے تمام شرکاء پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کی سائنس کی تعلیم کے حصول میں شمولیت کیلئے انفراسٹرکچر کی ترقی میں زیادہ دلچسپی لی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال، وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن، سائنس و ٹیکنالوجی کی سیکرٹری یاسمین مسعود، وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے وفاقی سیکرٹری شعیب احمد صدیقی، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف اور ماتحت اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی نے نیشنل سائنس سکول (این ایس ایس) کے قیام کیلئے زمین کے حصول بارے بھی غور و خوض کیا۔ کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے باصلاحیت اور ذہین طلباء کو بہترین سائنسی تعلیم کے حصول کا پلیٹ فارم دینے کیلئے نیشنل سائنس سکول کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا کہ نوجوانوں میں سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں ہمیں عالمی سطح کی عملیات پر عمل کرنا ہو گا۔

کمیٹی نے سائنس کے وظائف کے حصول کے خواہشمند طلباء کے چنائو کیلئے شفاف میرٹ اپنانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے معاشرہ کے پسے ہوئے اور غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء کو وظائف دینے اور سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرنے پر زور دیا تاکہ سماجی و معاشی لحاظ سے مشکلات سے دو چار سائنس کی تعلیم کے خواہش مند طلباء پیچھے نہ رہ جائیں۔ وفاقی وزیر تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے میرٹ پر مبنی طریقہ کار اپنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ علم پر مبنی معیشت کو فر وغ دے کر سائنس کی تعلیم کا کلچر پیدا کیا جا سکے۔ رہنما کمیٹی نے سائنس کی تعلیم کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کے استعمال کا بھی عزم کیا۔

متعلقہ عنوان :