قائد اعظم ڈے نمائشی ہاکی میچ سینٹرل فٹنس کلب کی کامیابی

جمعرات 4 جنوری 2018 22:07

قائد اعظم ڈے نمائشی ہاکی میچ سینٹرل فٹنس کلب کی کامیابی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء) قائد اعظم ڈے کے سلسلے میں کینٹ کبائنڈ ہاکی کلب اور سینٹرل فٹنس ہاکی کلب کے اشتراک سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسپورٹس کمپلیکس پر نمائشی میچ منعقد کیا گیا جسے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سینٹرل فٹنس کلب نے 2-1سے جیت لیا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں کینٹ کمبائند کے عارف نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جسے 40 ویں منٹ میں سینٹرل فٹنس کے محمد عارف نے گول کر کے برابر کردیا۔

کھیل کے آخری لمحات میں حذیفہ ندیم نے گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینیئر نائب صدر محفوظ الحق نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑی اگر محنت اور جانشفانی سے کھیل پر توجہ دیں تو پاکستان دوبارہ اس کھیل پر حکمرانی کرے گا، اس سلسلے میں اور میری ایسوسی ایشن کا بھرپور تعاون حاضر ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے دونوں کلبوں کی کارکردگی کو سراہا۔ سوئی گیس کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری و سابق نیشنل ہاکی پلیئر محسن علی خان کہا کہ آج کا یہ میچ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری جاوید اقبال بیگ، ڈاکٹر ایس اے ماجد، محمد اصغر، قربان علی محمد عارف، مبین احمد اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :