گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل کی ملاقات

معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 4 جنوری 2018 21:54

گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری صورتحال، معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، ریکارڈ ریوینیو وصولی، حکومتی معاشی پالیسی، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ اور معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ملکی ترقی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج صوبہ سے حاصل ہو رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل سے اضافہ، معاشی، اقتصادی، تجارتی اورسماجی سرگرمیوں سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے، اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ریونیو وصولی سے صوبوں کو سماجی شعبہ کی ترقی کے لئے 2400 ارب روپے حاصل ہوں گے جس سے ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گا، کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے لئے منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کے لئے ان کا دورہ برطانیہ کامیاب رہا اس سے قبل امریکہ، دبئی، دوہا اور دیگر ممالک میں منعقدہ روڈ شوز میں پاکستان کے اصل حالات سے شرکاء کو آگاہ کیا جس سے سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور تاجروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور وہ پاکستان باالخصوص صوبہ میں سرمایہ کاری میں بھرپوردلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے انڈیکس نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، نجی سیکٹر بھی فعال کردار ادا کررہا ہے، کراچی کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کار شہر کا رخ کررہے ہیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کررہی ہے۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ نے صوبہ میں ترقی، معاشی خوشحالی، صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے گورنر سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کا معیار زندگی بدلنے سے ہی معاشی اہداف کا حصول ممکن ہے، مشکل حالات میں بھی کراچی میں معاشی، اقتصادی، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کے جاری رہنے سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل رہا جو کہ خوش آئند ہے اس ضمن میں وفاق صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے خصوصاً توانائی کی صورتحال میں بہتری اور سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا

متعلقہ عنوان :