حمزہ شہباز نے امریکی بیان بازی پر قومی پالیسی کی تشکیل کیلئے اے پی سی کی تجویز دے دی

سیاسی جماعتوں کے متفق ہونے کا وقت ہے ،پارلیمنٹ میں بیٹھ کر متفقہ حکمت عملی کی تشکیل ہونی چاہیے کوئی ہمیں پیسوں کا طعنہ نہ دے ،ایسی امداد پر لعنت بھیجتے ہیں جس سے خودداری پر حرف آئے،فوج کے جوانوں اور شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے ،پاکستان کی آن پر سمجھوتہ نہیں کریں گے‘رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 4 جنوری 2018 17:56

حمزہ شہباز نے امریکی بیان بازی پر قومی پالیسی کی تشکیل کیلئے اے پی سی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے امریکی بیان بازی سے پیداہونے والی صورتحال پر پاکستان کی طرف سے متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر اکٹھا کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ ،امریکی قیادت کی طرف سے ہونے والی بہتان تراشی 22کروڑ کے ایٹمی ملک پاکستان کیلئے کسی لحاظ سے قابل قبول نہیں ہم ایسی امداد پر لعنت بھیجتے ہیں جس سے ہماری قومی آن اور خودداری پر حرف آئے ۔

حمزہ شہباز نے دورہ چکوال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی قوم صرف خدائے بزرگ و برترکے سامنے جھکنا جانتی ہے کوئی ہمیں پیسوں کا طعنہ نہ دے ہم نے اپنے بیٹوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے اور ہمیں اپنی فوج ،رینجر ز اور فورس کے جوانوں کی شہادتوں پر فخر ہے ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہاکہ آج ساری قوم کو اتحاد اور اتفاق کا مظاہر ہ کرتے ہوئے سرجوڑ کر بیٹھنے کی ضرورت ہے کوئی ہمیں ایسی گیدڑبھبکیوں سے نہ ڈرائے ۔

دوسری طرف ہم سب کو مل کر نئے انتخابات کی راہ ہموار کرنا ہے تاکہ پاکستان کے عوام اور ووٹرز خود فیصلہ کرسکیں کہ ملک کو کس راہ پر ڈالنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل صرف اور صرف جمہوریت ہے اور ہم سب کو کوشش کرنی ہے کہ جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ زلزلہ ہو یا کوئی اور قدرتی آفت پاکستانی قوم ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے اور انشاء اللہ موجودہ صورتحال سے بھی احسن انداز سے عہدہ برآ ہونگے ۔

حمزہ شہباز نے کہاکہ موجودہ مشکل حالات میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور پاکستان کا ہر شہری چینی قیادت کے کردار کو سلام پیش کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان حالات میں ان عناصر کو بھی اپنا جائزہ لینا چاہیے جنہوں نے چینی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ۔حمزہ شہباز نے چکوال کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ(ن)کے عہدیداران بڑی تعداد میںموجود تھے ،جبکہ پارٹی کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔