آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں جارہے‘ امریکا افغانستان میں ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال رہا ہے۔وزیرمملکت برائے خزانہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 جنوری 2018 12:35

آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں جارہے‘ امریکا افغانستان میں ناکامیوں ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جنوری۔2018ء) وزیر مملکت خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر دنیا پاکستان کا ساتھ دے رہی ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں جارہے ہیں- امریکا افغانستان میں اپنی ناکامی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال رہا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ رانا افضل نے کہا کہ امریکا نے جہاں 1250 ارب ڈالر دہشت گردی کی خلاف جنگ پر خرچ کئے ، کچھ اور رقم بارڈر سیکورٹی پر بھی خرچ کرے، دراندازی روکنے کے لئے سرحد پر باڑ لگانے پر کام ہورہا ہے، افغانستان میں ہمارا کوئی مفاد نہیں‘مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے- انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے امریکی اعتراضات دور کریں گے۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے رانا افضل نے کہا کہ معیشت مستحکم ہے، صنعتی شعبہ ترقی کررہا ہے ، 5ماہ میں برآمدات 17 فیصد بڑھی ہیں ، غیر ضروری درآمدات کم کرنے پر توجہ ہے۔

(جاری ہے)

رانا افضل نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب 70 کروڑ ڈالر ہے۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگی معمول کے مطابق ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کا ارادہ نہیں البتہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے تمام دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ احتساب کا مطلب یہ نہیں کہ ملکی معیشت کو ٹھپ کردیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی اچھے کام کی تعریف نہیں کی۔