لاہور سمیت پنجاب میں دھند نے فضائی اور ریلوے آپریشن درہم برہم کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 جنوری 2018 10:43

لاہور سمیت پنجاب میں دھند نے فضائی اور ریلوے آپریشن درہم برہم کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جنوری۔2018ء)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں دھند نے فضائی اور ریلوے آپریشن درہم برہم کردیا ہے ‘اندرون اور بیرون ملک کے لیے درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں، مسافر ٹرینیں بھی لیٹ ہونے لگیں جبکہ موٹر وے پر بھی گاڑیاں رینگنے پر مجبور ہیں۔اطلاعات کے مطابق کراچی سے فیصل آباد اور سیالکوٹ جانیوالی پروازیں بھی متاثر،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورگوجرہ سمیت کئی شہروں میں حدنگاہ صفر ہوگئی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں دھندکے باعث مسافر ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ عوام ایکسپریس، جعفر ایکسپریس اور لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار تاخیر کا شکار ہیں۔پنجاب کے میدانی علاقے ایک مرتبہ پھر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 کو پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک بند کر دیا گیا ہے جبکہ جی ٹی روڈ پر کھاریاں سے کالا شاہ کاکو تک حد نگاہ 30 میٹرجبکہ پتوکی، اوکاڑہ، اورساہیوال تک حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے اگلے 2 روز میں دھند کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے اور موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ناگزیر ہو تو گاڑی کی رفتار مناسب رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اوردوران سفر میوزک سننے سے گر یز کریں۔دوسری جانب دھند کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوگیاجبکہ ابوظہبی، دبئی، کراچی اور بنکاک جانیوالی پروازیں تاخیر کا شکارہیںاورچھوٹے طیاروں کو کنٹرول ٹاورسے ہدایات کے بعد لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر ہو رہی ہے جبکہ لاہور آنے والی پروازوں کا رخ متبادل ایئر پورٹس کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مسافروں کو بکنگ کے وقت فراہم کیے گئے نمبروں پر ان کو پروازوں کی آمدورفت سے مطلع کیا جا رہا ہے، مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ ایئر پورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز کے متعلق پی آئی اے کال سینٹر سے معلومات حاصل کریں۔

دبئی سے لاہور آنے والی پرواز 767فیصل آباد ایئرپورٹ لینڈ کرادی گئی،ابو ظہبی سے پشاور آنے والی پرواز 757پی آئی اے کی پرواز ملتان لینڈ کروادی گئی جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے تمام طیارے روک دئیے گئے ہیں۔دبئی سے لاہور آنے والی شاہین ایئرلائن کی فلائٹ کو دھند کے باعث فیصل آباد اتار دیا گیا،مسافروں کو شدید دھند میں جہاز سے اتار کر ایئرپورٹ لاﺅنج میں بٹھا دیا گیا،یہاں پر مسافروں کی جانب سے احتجاج بھی دیکھنے میں آیا کیونکہ لاﺅنج میں رات قیام کی کوئی سہولت میسر نہیں تھی۔ترجمان پی آئی اے کے کہنا ہے کہ پی آئی اے موسم کی خرابی کے باعث مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حدنگاہ 50 میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے۔