امریکا ہماری دہلیزپراپنی ناکامیوں کا ملبہ نہ رکھے-خواجہ آصف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 جنوری 2018 09:26

امریکا ہماری دہلیزپراپنی ناکامیوں کا ملبہ نہ رکھے-خواجہ آصف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جنوری۔2018ء)وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں نام لیے بغیر امریکا کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوچھتے ہو کیا کیا؟ ایک آمر نے فون کال پر سرنڈر کیا، وطن کو بارود اور خون سے نہلایا۔خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان پر اپنے اڈوں سے تمہارے 57800 حملے، ہماری گزر گاہوں سے تمہارا اسلحہ اور بارود گیا۔

پاکستان کے ہزاروں شہری، فوجی، جرنیل، بریگیڈیئر اور لیفٹیننٹ امریکا کی چھیڑی ہوئی جنگ کی بھینٹ چڑھے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے گوانتانامو بے کو بھر دیا، ہم آپ کی خدمت میں اتنے مگن ہوئے کہ پورے ملک کو 10سال تک لوڈشیڈنگ اور گیس شارٹیج کے حوالے کیا، معیشت برباد ہو گئی لیکن خواہش تھی آپ راضی رہیں، ہم نے لاکھوں ویزے پیش کئے،بلیک واٹر،ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک جگہ جگہ پھیل گئے۔

انہوں نے کہا کہ چار سال سے دھائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں۔ہما ری افواج بے مثال جنگ لڑ رہی ہے،قربانیوں کی لامتناہی داستان ہے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ماضی امریکا پر اعتماد میں احتیاط سکھاتا ہے۔ ہما ری دہلیز پر اپنی ناکامی کا ملبہ نہ رکھو۔آپ خوش نہیں افسوس ہے،ہمارے وقار پر اب سمجھوتا نہیں ہوگا۔