نوازشریف کے پاس اگر کوئی راز ہیں تو ہمارے ساتھ شیئر کریں، آصف زرداری کی پیشکش

اگر پردے کے پیچھے کوئی سازشیں کر رہا ہے تو انہیں برطرف کریں ، پیپلزپارٹی کبھی لائی نہیں گئی ہمیشہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے منتخب ہوئی ، اللہ تعالیٰ نوازشریف کا عمرہ قبول کرے مگر ان کا دورہ سعودی عرب کامیاب نہیں رہا، جب پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری ہوا اس وقت نوازشریف کیوں نہیں بولی سابق صدر آصف علی زرداری کی راجہ پرویز اشرف کے بھتیجے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 جنوری 2018 23:19

نوازشریف کے پاس اگر کوئی راز ہیں تو ہمارے ساتھ شیئر کریں، آصف زرداری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جنوری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے نوازشریف کو پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی راز ہیں تو ہمارے ساتھ شیئر کریں اور اگر پردے کے پیچھے کوئی سازشیں کر رہا ہے تو انہیں برطرف کریں ، پیپلزپارٹی کبھی لائی نہیں گئی ہمیشہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے منتخب ہوئی ، اللہ تعالیٰ نوازشریف کا عمرہ قبول کرے مگر ان کا دورہ سعودی عرب کامیاب نہیں رہا، جب پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری ہوا اس وقت نوازشریف کیوں نہیں بولی ۔

وہ بدھ کو سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے بھتیجے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھٹو صاحب کی سالگرہ کے موقع پر جلسہ کر رہے ہیں جس میں نوازشریف کی جانب سے کئے گئے تمام سوالوں کے جواب دیں گے ، سابق وزیراعظم نوازشریف کی حالت میں سمجھتا ہوں حکومت بھی ان کی ،مشنری بھی ان کی لیکن انہیں یہ نہیں پتہ کہ انہیں نکالا کیوں گیا ، چار سال تک نوازشریف نے جو چھپائے رکھا کاش وہ ہمیں بھی نکالے جانے سے قبل بتا دیتے ، اگر کوئی راز میاں صاحب کے پاس ہیں تو ہمارے ساتھ شیئر کریں اور جو پردے کے پیچھے ہیں انہیں برطرف کریں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کبھی لائی نہیں گئی ہمیشہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے منتخب ہوئی ، ماضی میں لائے تو کوئی اور جاتے رہے ہیں ، پردے کے پیچھے حکومت میں یا اپوزیشن میں سے کوئی بندہ ہے تو بتائیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران نوازشریف کی طرف سے کیا گیا عمرہ اللہ قبول کرے مگر باقی جس کام کیلئے وہ گئے تھے وہ پورا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے مینڈیٹ کی چوری کے حوالے سے سوال کے جواب میں آصف علی زداری نے کہا کہ نوازشریف اس وقت کیوں نہیں بولے جب ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا تھا۔