الیکشن کمیشن کو مردم شماری 2017ء کا ہر بلاک کی سطح تک کا درکار ریکارڈ انتہائی مختصر مدت میں مرتب کر لیا،جنرل الیکشن 2018ء کے بروقت انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جا رہا ہے،وفاقی وزیر شماریات کامران مائیکل

بدھ 3 جنوری 2018 23:15

الیکشن کمیشن کو مردم شماری 2017ء کا ہر بلاک کی سطح تک کا درکار ریکارڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2018ء) وفاقی وزیر شماریات کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پاکستان ادارہ شماریات چھٹی خانہ مردم شماری 2017ء کے کامیاب انعقاد کے بعد ابتدائی نتائج جاری کر چکا ہے۔ قومی و صوبائی کے ساتھ ساتھ ضلعی و تحصیل سطح نتائج بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ چوبیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے مردم شماری 2017ء کے ضمنی نتائج کو جنرل الیکشن 2018ء اور اسی کے ضمنی انتخابات کی حد تک حلقہ بندیوں کیلئے استعمال کرنے کی منظوری دے چکی ہے، جس کے مطابق تمام صوبوں بشمول اسلام آباد اور فاٹا کی قومی اسمبلی کی نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مردم شماری 2017ء کا ہر بلاک کی سطح تک کا ریکارڈ درکار تھا جوکہ ادارہ شماریات نے انتہائی مختصر مدت میں نہایت انتھک محنت سے مرتب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بدھ کو ہونے والے اجلاس میں مردم شماری 2017ء کے عبوری نتائج کو نوٹیفائی کرنیکی منظوری دی ہے۔ اس سے متعلقہ ضلع وار تحصیل وار اور بلاک کی سطح تک کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو جنرل الیکشن 2018ء کے بروقت انعقاد کیلئے حوالے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبوری نتائج کے مطابق پاکستان کی آبادی 207,774,520 ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی 30,523,371، فاٹا کی 5,001,676، پنجاب کی 110,012,442، سندھ کی 47,886,051، بلوچستان کی 12,344,408 اور اسلام آباد کی آبادی 2,006,572 ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کی مزید ضلع وار تحصیل وار اور بلاک کی سطح تک کی تفصیل پاکستان ادارہ شماریات کی ویب سائٹ www.pbscensus.gov.pk یا www.pbs.gov.pk سے حاصل کی جا سکتی ہے۔