گورنر سندھ محمد زبیر سے اسلام آباد میں نا روے کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

عالمی امن کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ،محمد زبیر پورے ملک میں دہشت گردی سے ناقابل تلافی نقصان بھی اٹھانا پڑا لیکن دنیا نے پاکستان کی خدمات کو سراہنے کے بجائے صرف وعدوں پر اکتفا کیا، وقت آگیا ہے کہ دنیا اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ٹریول ایڈوائڑر ی پر بھی نظر ثانی کرے ، خوشحال پاکستان خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے، گورنر سندھ کی گفتگو

بدھ 3 جنوری 2018 23:03

گورنر سندھ محمد زبیر سے اسلام آباد میں نا روے کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں نا روے کے سفیر ٹوری نیڈریبونے ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار ، امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل سے اضافہ ، خوشحالی کی سمت گامزن پاکستان کے خطہ کی خوشحالی ، غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی امن کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا جس کی وجہ سے پورے ملک میں دہشت گردی سے ناقابل تلافی نقصان بھی اٹھانا پڑا لیکن دنیا نے پاکستان کی خدمات کو سراہنے کے بجائے اقتصادی ، معاشی اور خوشحالی کے ضمن میں اقدامات کے بجائے صرف وعدوں پر اکتفا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ٹریول ایڈوائڑر ی پر بھی نظر ثانی کرے ، خوشحال پاکستان خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے امن و امان کے قیام کے بعد توانائی بحران کا خاتمہ بھی کردیا ہے ، پاکستان نہ صر ف اپنی ضروریات بلکہ طلب سے زائد بجلی بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے ، معاشی ترقی کی رفتار مزید کرنے کے لئے حکومت کی معاشی پالیسی اہم ثابت ہو رہی ہے ، ہر شعبہ میں مثبت نتائج ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں ، امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، سماجی ، ثقافتی اور دیگر سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے،عالمی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پر امن پاکستان خوشحالی کی سمت گامز ن ہو چکا ہے جس سے خطہ سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین عظیم دوستی کا عظیم الشان شاہکار سی پیک سے معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ، اقتصادی راہداری میں گوادر او ر کراچی کو اہم مرکزیت حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ناروے کے سرمایہ کارصوبہ کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کریں اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے جبکہ ناروے کی سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعلقات میں مزید مستحکم ہونگے جو دو نوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی امن و امان کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ہے ، جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ ، محنتی ، تجربہ کار اور نوجوان ہیومن ریسورس سرمایہ کاروں کے پر کشش اہمیت کی حامل ہے ، شہر میں طویل عرصہ سے کاروباری سرگرمیوں میں مصروف عمل ملٹی نیشنل کمپنیاں مزید سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں ، شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے ناروے سرمایہ کاروں کو تیکنیکی معاونت بھی فراہم کرسکتے ہیں۔

ملاقات میں ناروے کے سفیر نے کہا کہ ناروے پر امن دنیا کے لئے پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اس ضمن میں پاکستان سے معاشی اوراقتصادی جاری رکھیں گے ،اور دنیا سے بھی امید رکھتے ہیں کہ پاکستان کی دل کھول کر مدد کرے گی ، خوشحال پاکستان سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروے کے سرمایہ کار پاکستان با الخصوص صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ، دونوں ممالک مل کر خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مزید تعاون بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پر امن پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہے ، امن و امان کے قیام اور انرجی بحران کے خاتمہ سے پاکستانیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے جو کہ خوش آئند ہے ، ترقی یافتہ پاکستان ناروے کے مفاد میں بھی ہے اس ضمن میں دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے مزید اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔