فنون لطیفہ کے ذریعے معاشرے میں پیارومحبت کے جذبات کوفروغ ،امن کی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں

بدھ 3 جنوری 2018 22:27

فنون لطیفہ کے ذریعے معاشرے میں پیارومحبت کے جذبات کوفروغ ،امن کی راہیں ..
فیصل آ باد ۔3 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کے ذریعے معاشرے میں پیارومحبت کے جذبات کوفروغ دیکر امن کی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں ۔اس ضمن میں پینٹنگز کے مقابلوں کے لئے امن کا موضوع خوش آئند اقدام ہے ۔انہوں نے یہ بات عالمی یوم امن کے حوالے سے نصرت فتح علی خاں آرٹ گیلری میں فیصل آباد آرٹ کونسل اور ڈویژنل پبلک سکول کے اشتراک سے طالب علموں کے تیارکئے گئے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،وائس چیئرمین پی ایچ ای/ایم پی اے حاجی خالد سعید، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار،پرنسپل ڈی پی ایس شاہد محمود،آرٹ ٹیچر نیاز احمد ‘اساتذہ،طلباء وطالبات اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرقانون نے امن کا پیغام اجاگرکرنے کیلئے طالب علموں کے تیارکردہ فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب پرامن اور پرامید پنجاب کے حصول کے لئے متحرک ہے تاہم معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اپنے حصے کا جاندار کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ کرہ ارض پر امن سے ہی انسانیت کی بقاء اور پائیدار سماجی ترقی ممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پنجاب میں قیام امن کی بنیاد بن چکے ہیں جس کی بدولت امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اور مختلف ممالک کے سرمایہ کاربھی بڑی تعداد میں پنجاب میںسرمایہ کاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن کا درس دیتا ہے اور اسوہ حسنہؐ کی پیروی کرکے ہی معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات میں پینٹگز سمیت فنون لطیفہ کی اصناف کے اس نوعیت کے مقابلوں سے ان کی فکری و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔انہوں نے آرٹ کونسل اور ڈی پی ایس کی طرف سے نمائش کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ امن کے جذبات کو تقویت دینے کے حوالے سے ایسے پروگرامز کاتسلسل سے انعقاد ہونا چاہیے۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹ کونسل نے نمائش کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی اوربتایا کہ نمائش میں طالب علموں نے بھرپورشرکت کرکے اپنے فن پاروں کے ذریعے امن کے پیغام کو عام کیا ہے۔انہوں نے نمائش کا افتتاح کرنے پر صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں،ڈپٹی کمشنرسلمان غنی،ایم پی اے حاجی خالد سعید ودیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔