جہانگیر خان ترین کی نااہلی ن لیگ کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی

صدیق خان بلوچ اپنے بیٹے کو الیکشن میں اتارنے سے گریزاں، علی ترین سید اقبال شاہ کے مد مقابل ہوں گے لودھراں سے ن لیگی رہنما کل وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے

بدھ 3 جنوری 2018 21:42

جہانگیر خان ترین کی نااہلی ن لیگ کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جنوری2018ء) جہانگیر خان ترین کی نااہلی ن لیگ کے لئے پریشانی کا باعث بن گئی ، صدیق خان بلوچ اپنے بیٹے کو الیکشن میں اتارنے سے گریزاں، جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین سید اقبال شاہ کے مد مقابل ہوں گے، لودھراں سے ن لیگی رہنما کل وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے ، پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما اور سابق جنرل سیکرٹری جہانگیر خان ترین کو ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں تا حیات نا اہل کیا گیا تو ان کی قومی اسمبلی کی سیٹ بھی خالی ہوگئی ، لودھراں کی یہ نشست اسی اسمبلی کی مدت میں دوسری بار خالی ہوئی ہے پہلی بار2013کے عام انتخابات میں صدیق خان بلوچ نے جہانگیر خان ترین کو شکست دی تو وہ شکست تسلیم کرنے کی بجائے منتخب ایم این اے کو نااہل کروانے میں لگ گئے آخر کار وہ اس میں کامیاب ہوئے تو ضمنی الیکشن میں صدیق خان بلوچ کو واضح مارجن سے شکست دے کر قومی اسمبلی میں پہنچ گئے ان کے خلاف ن لیگی رہنماحنیف عباسی نے ناجائز اثاثہ جات ریفرنس دائر کردیا جس پر سپریم کورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ دیا تو وہ بھی سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طرح تا حیات نااہل ہوگئے جس پر ایک بار پھر اس حلقہ میں ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے اس بار ضمنی الیکشن میں جہانگیر ترین جو موروثی سیاست کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں اپنے بیٹے علی ترین کو امیدوار نامزد کرچکے ہیں حالانکہ اس حلقہ سے نواب امان اللہ خان اور تحریک انصاف ضلع لودھراں کے صدر شیر محمد اعوان بھی مضبوط امیدوار تھے ، دوسری جانب ن لیگی کیمپ میں تا حال مایوسی دکھائی دیتی ہے سابق ایم این اے صدیق خان بلوچ نے اپنے بیٹے عمیر بولچ کے کاغذات نامزدگی تو جمع کروائے ہیں تاہم اسمبلی کی مدت کا عرصہ کم ہونے کی وجہ سے الیکشن لڑنے سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس حلقہ کی با اثر شخصیات پیر رفیع الدین شاہ اور ایم پی اے احمد خان بلوچ بھی عمیر بلوچ کی بطور امیدوار نامزدگی کی مخالفت کررہے ہیں ، معلوم ہوا ہے کہ صدیق بلوچ کا مخالف کیمپ عامر اقبال شاہ ایم پی اے کے والد سید اقبال شاہ کو ن لیگ کا ٹکٹ دلوانے کے لئے سرگرم ہے اس سلسلہ میں کل وزیر اعلیٰ ہائوس میں لودھراں الیکشن کے حوالے سے میٹنگ ہوگی جس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کریں گے اس میٹنگ میں سید اقبال شاہ کو علی ترین کے مقابل ن لیگ کے ٹکٹ کا اعلان ہوسکتا ہے ۔