کشکول لے کر پھرنے والے نواز شریف اپنی ناکام پالیسیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال رہے ہیں‘عبدالعلیم خان

نواز شریف ایسی حکمت عملی بنانے کے دعوے کررہے ہیں کہ بیرونی امداد کی ضرورت ہی نہ پڑے‘پارٹی رہنمائوں سے گفتگو

بدھ 3 جنوری 2018 21:36

کشکول لے کر پھرنے والے نواز شریف اپنی ناکام پالیسیوں کا ملبہ دوسروں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2018ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی ناکام پالیسوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال رہے ہیں، ہر دور اقتدار میں کشکول ہاتھ میں لئے پھرنے والے سابق وزیر اعظم کس منہ سے آئندہ امداد نہ لینے کے دعوے کررہے ہیں،دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے کرپشن کے داغ نہیں دھل سکتے۔

عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد عمران خان کو کلین چٹ مل چکی ہے، کرپٹ ٹبر کا دامن صاف ہوتا تو اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کے بجائے بے گناہی کے ثبوت پیش کرتا لیکن ان کی کرپشن کے شواہد لاکھ کوشش کے باوجود چھپائے نہیں جاسکتے۔

(جاری ہے)

شریف خاندان ذاتی مفادات کیلئے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبایا،عوام کے خون پیسنے کی کمائی ان کے بیرون ملک اکاؤنٹس بھاری کرنے اور جائیدادیں بنانے کیلئے استعمال ہوئی،ان کے محلات کھڑے ہوتے گئے اور معیشت بیٹھتی گئی،حیرت ہے کہ اب نواز شریف ایسی حکمت عملی بنانے کے دعوے کررہے ہیں کہ بیرونی امداد کی ضرورت ہی نہ پڑے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ 4سال میں قرضوں کے تمام ریکارڈز توڑدینے والی نواز لیگ کے نااہل سربراہ کی جانب سے معاشی خودمختاری کی باتیں زیب نہیں دیتیں، کرپٹ مافیا کے پراپیگنڈا پر اب کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مظلومیت کا ڈرامہ فلاپ ہوچکا،آئندہ الیکشن میں عوام ناانصافی پر مبنی سسٹم کی گود میں پناہ لینے والوں کیخلاف اپنی نفرت کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کو ووٹ دینگے، ملکی آئین کو اپنے مفادات کا غلام اور خودمختاری کو غیر طاقتوں کا اسیر بنانے والوں کی سیاست میں کوئی جگہ باقی نہیں رہی۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ نواز شریف دوبارہ اقتدار میں آنے کی خوش فہمی سے باہر آکر لوٹ مار کی دولت واپس کرنے کی تیاری کریںاب ان کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :