اسلام آباد میں فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے خلاف مقدمہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 3 جنوری 2018 18:42

اسلام آباد میں فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے خلاف مقدمہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جنوری۔2018ء) اسلام آباد پولیس نے جماعت الدعوة کی فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔فلاحی تنظیم کے خلاف مقدمہ تھانہ کورال میں چندہ اکھٹا کرنے لیے بینرز لگانے پر درج کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن نے غوری ٹاﺅن میں ایک مسجد کے باہر بینر آویزاں کیا ۔

(جاری ہے)

مقدمے میں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت کالعدم تنظیم کے کسی بھی طرح کے عطیات جمع کرنے کے لیے بینر لگانے یا تقریر کرنے پر پابندی عائد ہے لیکن غوری ٹاﺅن میں اس تنظیم کی جانب سے بینر لگا ہوا تھا جس میں وہ چندے کی اپیل کی گئی جس پر پولیس نے دفعہ 188 کا مقدمہ درج کرلیا۔ ڈسٹرکٹ کمشنر کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ایسی تنظیمیں جو اقوامِ متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل ہیں یا انہیں وزارت خارجہ کے قانونی ریگولیٹری احکامات میں کالعدم قرار دیا گیا ہو یا کالعدم نامزد کیا گیا ہو یا وہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت زیر نگرانی ہوں انہیں شہر میں کسی بھی طرح سے فنڈز جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔


متعلقہ عنوان :