اگر کسی کاغذ کو 103 بار تہہ کیا جا سکے تو اس کی موٹائی معلوم کائنات کی چوڑائی سے زیادہ ہوگی۔ حیرت انگیز معلومات

Ameen Akbar امین اکبر منگل 2 جنوری 2018 23:34

اگر کسی کاغذ کو 103 بار تہہ کیا جا سکے تو اس کی موٹائی معلوم کائنات کی ..
عام استعمال ہونے والے کاغذ کی موٹائی صفر اعشاریہ ایک ملی میٹر  یا 0.0039 انچ ہوتی ہے۔  اگر آپ  کبھی کاغذ کو درمیان سے تہہ کرنے کی کوشش کریں تو یہ  پانچ چھ دفعہ سے زیادہ تہہ نہیں ہوتا۔ اگر بہت زیادہ کوشش کی جائے تو  کاغذ کو  سات دفعہ سے زیادہ  تہہ  کرنا ممکن ہی نہیں لگتا اس لیے دنیا بھر میں مشہور ہے کہ کسی بھی کاغذکو آٹھ دفعہ سے زیادہ تہہ کرنا ناممکن ہے-
حقیت میں ایک کاغذ کو لاتعداد بار تہہ کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے آپ کو مطلوبہ لمبائی میں کاغذ اور تہہ کرنے کے لیے  مافوق الفطرت  طاقت چاہیے۔

موجودہ ذرائع کے مطابق ایک کاغذ کو13بار تہہ  کیا گیا ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ اس ریکارڈ کو بنانے کے لیے2 کلومیٹر طویل کاغذ  صرف ہوا تھا۔ اگر آپ کاغذ کو 14 بار تہہ کرنا چاہیں تو ریاضی دانوں کے مطابق آپ کو 8 کلومیٹر طویل کاغذ درکار ہوگا۔

(جاری ہے)


کاغذ کی صرف ایک تہہ کا اضافہ کرنے سے اتنا زیادہ کاغذ کیوں درکار ہوتا ہے؟ اصل میں یہ اضافہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے شطرنج کے ہر خانے میں پچھلے خانے سے دوگنے چاول رکھنے سے ہوتا ہے۔

بل گیٹس کا خیال ہے کہ اگر ہم ایک کے ساتھ 19 زیرو لگائیں تو شطرنج کے 64خانوں میں اتنے چاول آئیں گے۔بل گیٹس کا کہنا ہے کہ اگر ہم ایک بوری میں ایک ارب چاول بھریں تو ہمیں چاول پورے کرنے کیلئے 18ارب بوریاں درکار ہوں گی۔اور ان چاولوں کو گننے ،شطرنج پر رکھنے اور اٹھانے کیلئے ڈیڑھ ارب سال چاہئیں۔
اسی طرح کاغذ کو تہہ کرتے ہوئے شروع میں  چار پانچ بار تک تو ہمیں اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ   اسے چند بار مزید تہہ کیا جائے تو درکار کاغذ کی لمبائی کئی کلومیٹر ہوسکتی ہے۔


آئیے دیکھتے ہیں کہ کاغذ کو  کتنی بار تہہ کرنے سے اس کی موٹائی کتنی ہوسکتی ہے۔
ایک کاغذ کو  ایک دفعہ تہہ کیا جائے تو وہ ناخن جتنا موٹا ہو جائے گا۔
7 دفعہ  تہہ  کرنے سے  کاغذایک 128 ورق رکھنے والی کتاب کے برابر موٹا ہو جائے گا
10 دفعہ  تہہ  کرنے سے اس کی موٹائی ہاتھ کے برابر ہو جائے گی
عالمی ریکارڈ بنانے  ہوئے کاغذ کو 13 مرتبہ کہہ کیا گیا تھا تو اس کی موٹائی 2 فٹ ہو گئی تھی۔


23 بار تہہ کرنے پر تہہ شدہ کاغذ ایک کلومیٹر موٹا ہوگا
30 دفعہ تہہ کرنے پر کاغذ کی موٹائی 100 کلومیٹر ہو جائے گی ۔
42 دفعہ  تہہ  کرنے پر کاغذ زمین اور چاند کے بیچ سما جائے گا۔
51 دفعہ  تہہ کرنے پر کاغذ زمین اور سورج کے بیچ سما جائے گا
81 دفعہ تہہ کرنے پر کاغذ کی موٹائی  اینڈرومیڈ ا کہکشاں کی چوڑائی کے برابر یعنی 1 لاکھ 27 ہزار نوری سال ، ہو جائے گی۔
90 دفعہ تہہ  پر  کاغذ ہمارے ورگو سپر کلسٹر سے بھی زیادہ یعنی 13 کروڑ نوری سال  موٹا ہو جائے گا۔
اور اگر ہم کاغذ کو  103 بار  تہہ کرنے میں  کامیاب ہو جائیں تو ہمارا تہہ شدہ  کاغذ  معلوم کائنات میں سما جائے گا ۔ یاد رہے کہ معلوم کائنات کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک چوڑائی 93 ارب نوری سال ہے۔