ایبٹ آباد یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی شعبہ جات کو مینجمنٹ سسٹم سافٹ ویئر سے منسلک کرنے پر کام جلد شروع ہو گا

منگل 2 جنوری 2018 23:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تدریسی و انتظامی شعبہ جات کو کیمپس مینجمنٹ سسٹم سافٹ ویئر کے ساتھ منسلک کرنے پر جلد کام شروع ہو گا، اس سافٹ ویئر کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد طلباء و طالبات کو آئن لائن داخلہ کی سہولت میسر آئے گی جس سے انہیں داخلہ کے حصول میں حائل ہونے والی رکاوٹوں سے نہ صرف چھٹکارا ملے گا بلکہ وقت کا ضیاع اور دیگر پیچیدگیاں بھی ختم ہو جائیں گی، کامسٹیس ایبٹ آباد اور ایبٹ آباد یونیورسٹی کے درمیان اگلے ہفتہ ایک یاداشت پر دستخط ہو رہے ہیں جس کے بعد اس پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا جائے گا، اس منصوبہ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

اس سلسلہ میں وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے منگل کو کامسٹیس ایبٹ آباد کے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں اور کامسٹیس ایبٹ آباد کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے لیبز اور لیبارٹیوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کیمپس مینجمنٹ سسٹم کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر کامسٹیس حکام نے بتایا کہ کیمپس مینجمنٹ سسٹم انتہائی اہم سافٹ ویئر ہے جس کے براہ راست طلباء و طالبات کو فوائد ملتے ہیں جس میں آئن لائن داخلہ و امتحانی فارم کی انٹری کی سہولت بھی میسر ہے جبکہ اس سافٹ ویئر کی بدولت اکائونٹس، شعبہ امتحانات، شعبہ داخلہ اور سٹاف کی روزانہ کی حاضری کے حوالہ سے بھی فوائد ملتے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے اس سافٹ ویئر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے طلباء و طالبات سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں اور ان کو سہولیات دینا ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے، اس سافٹ ویئر کی بدولت نہ صرف موجودہ طلباء و طالبات کو سہولت میسر آئے گی بلکہ نئے داخلہ لینے والے امیدواروں کیلئے بھی انتہائی آسانی پیدا کی جا سکتی ہے جبکہ سمسٹر سسٹم پر چیک اینڈ بیلنس کے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے الحاق شدہ تعلیمی ادارے بھی اس سافٹ ویئر سے فوائد حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد یونیورسٹی ابھی تعمیری مراحل میں ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے طلباء و طالبات کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لائیں۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ مربوط نظام کی بدولت ہی اداروں میں نظم و ضبط کو قائم اور عوام کو بہترین سروسز فراہم کی جاسکتی ہے، انہیں امید ہے کہ کیمپس مینجمنٹ سسٹم ایبٹ آباد یونیورسٹی کی ترقی میں ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کے ہمراہ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد علی اور ڈپٹی کنٹرولر عمران جاوید و دیگر افسران بھی موجود تھے۔