کینٹ اسٹیشن سے لانڈھی تک ریلوے لائن کے اطراف کچرا اٹھانے اور گرین بیلٹ کے قیام کے لئے پاکستان ریلوے کے اشتراک سے اقدامات کئے جائیں گے۔ میئر کراچی کی ڈی ایس ریلوے سے ملاقات میں گفتگو

منگل 2 جنوری 2018 23:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کینٹ اسٹیشن سے لانڈھی تک ریلوے لائن کے اطراف کچرا اٹھانے اور گرین بیلٹ کے قیام کے لئے پاکستان ریلوے کے اشتراک سے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ بذریعہ ٹرین کراچی آنے والے مسافروں کو شہر کا اچھا تاثر ملے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ضلعی بلدیات کے اشتراک سے شہر میں کچرے کے بیک لاگ کو اٹھانے اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے جس سے لانڈھی اسٹیشن اور اطراف میں ریلوے لائن کے گرد صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، ریلوے کی اراضی پر قبضے اورغیرقانونی تجاوزات کے خاتمے میں بھی ہرممکن تعاون کریں گے۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے اعجاز احمد برڑوسے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے منگل کی صبح میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور ، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈی ایس ریلوے نے میئر کراچی کی توجہ ریلوے لائن کے اطراف صفائی ستھرائی کی صورتحال اور پاکستان ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات کی جانب مبذول کرائی اور ریلوے لائن کے اطراف صفائی اور گرین بیلٹ بنانے کے لئے اقدامات کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ کینٹ اسٹیشن سے لانڈھی تک ریلوے ٹریک کے دونوں جانب مقامی آبادی اپنا تمام تر کچرا ریلوے لائن اور اس کے اطراف ڈال رہی ہے جس سے نہ صرف ان علاقوں میں گندگی اور بدصورتی کا احساس ہوتا ہے بلکہ شہریوں کی صحت کو بھی ا س سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ کینٹ اسٹیشن تا لانڈھی پوری ریلوے لائن کے دونوں جانب صورتحال غیر تسلی بخش ہے تاہم جن جگہوں پر فوری توجہ درکار ہے ان میں کراچی کینٹ کا روانگی اسٹیشن یارڈ اور ڈرگ روڈ ملیر سٹی اسٹیشن کے علاوہ لانڈھی اسٹیشن کے اطراف کا علاقہ شامل ہے، جہاں سے فوری طور پر کچرا اٹھایا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی ملکیت اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی درخواست کی جس پر میئر کراچی وسیم اختر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کے ہمراہ کینٹ اسٹیشن سے لانڈھی تک نشاندہی کئے گئے مقامات کا فوری سروے کیا جائے تاکہ صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جاسکے اور اس کی روشنی میں یہاں صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اقدامات عمل میں لائے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں سے کراچی آنے والے افراد جس ٹریک سے گزر کر کراچی میں داخل ہوتے ہیں اس کے اطراف کا علاقہ صاف ستھرا اور سرسبز ہونا چاہئے تاکہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں آنے والے افراد کو خوشگوار احساس ہولہٰذا ا س پر خصوصی توجہ دی جائے اور مقامی آبادی کو ترغیب دی جائے کہ وہ اپنا کچرا ریلوے لائن پر یا اس کے اطراف نہ پھینکیں بلکہ مقررہ ڈمپنگ پوائنٹس پر ہی کچرا ڈالیں جہاں سے مقامی ضلعی انتظامیہ کے اہلکار اسے اٹھا کر لینڈ فل سائٹ تک پہنچا سکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کا خاتمہ بھی اولین ترجیح ہے اور کئی علاقوں میں قائم تجاوزات ختم کی جاچکی ہیں اور یہ سلسلہ شہر میں تمام تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :