آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے وفد کی اے ایس پی سٹی سے ملاقات

منگل 2 جنوری 2018 23:22

سکھر۔ 2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی عبدالمتین بندھانی کی قیادت میںتاجروں کے ایک وفد نے اے ایس پی سٹی عثمان مخدوم سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اہم تجارتی مراکز و شاہراہوں پر پولیس نفری کے گشت میں اضافے کے مسئلے سمیت جرائم کی وارداتوں کو روکنے اور شہر میں ٹریفک کے اژدھام سے نمٹنے کیلیے جامع حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے اے ایس پی سٹی سے اپیل کی کہ تاجر برادری کے تحفظ، امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے اہم تجارتی مراکز و شاہراہوں پر پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے ۔ اے ایس پی سٹی عثمان مخدوم نے تاجروں کی جانب سے شہر بھر میں ٹریفک جام رہنے کے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں ٹریفک جام کے مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ایک موثر پلان ترتیب دیاجارہاہے اور تاجر برادری بھی ون وے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے اورشہریوں و تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے سمیت جرائم پیشہ افراد کیخلاف موثر کارروائی کی یقین دھانی کرائی۔