شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں تحقیقی طریقہ کارکے عنوان پر تین روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب کاانعقاد

منگل 2 جنوری 2018 23:21

سکھر۔ 2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکے انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اور لٹریچر کی جانب سے تحقیقی طریقہ کارکے عنوان پر تین روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب کاانعقاد ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویجز اور لٹریچر اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے کہا کہ یہ ورکشاپ محققین کیلئے سیکھنے کا نادر موقع ہے۔ ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ہم ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے نہایت ممنون ہیں جس نے اس تحقیقی ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحقیقی طریقہ کار کسی بھی تحقیقی تھیسز کا اہم حصہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ورکشاپ سے محققین اپنے تحقیقی مسائل حل کرسکتے ہیں۔

ورکشاپ کے کو آرڈنیٹر محمد حسن شیخ نے تقریب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر پروین شاہ کی رہنمائی میں یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر ترقی کررہا ہے۔ قبل ازیں زبیر احمد چاچڑ، عبدالرشید سومرو اور علی بخش بوزدار نے بھی خطاب کیا اور ورکشاپ کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ آخر میں شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیئے گئے۔ تقریب میں محققین اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔