کمشنرسکھر کی زیرصدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس، گھوٹکی اور خیرپور کی مختلف اسکیموں کی منظوری

منگل 2 جنوری 2018 23:20

سکھر۔ 2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر عثمان چاچڑ کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کی مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ نے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع گھوٹکی میں خانگڑہ تعلقہ میں سلائیم ڈرین اڈوجا مہر کی تعمیر کیلئے پیش کردہ دو الگ الگ سکیموں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں کو ملاکر ایک اسکیم تیار کرکے منظوری کیلئے متعلقہ سیکرٹری کو ارسال کی جائے اور قانون اور ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے گھوٹکی کی ان اسکیموں کی اصل لاگت 60.861ہے۔

اجلاس کے دوران ڈویژنل ڈویلپمنٹ بورڈ خیرپور کے تعلقہ سوبودیرو میں سے جادو واہن ویا مڈ روڈ کی تعمیر کے لیے 99.999ملین کی سکیموں کی منظوری بھی دی۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر ڈویژن نے پبلک ہیلتھ، ورکس سروز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کی پی سی ون بنانے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی انوائرمینٹل رپورٹ بھی دی جائے تا کہ معلوم کیا جاسکے کہ اس اسکیم کے ماحول پر کیسے اثرات مرتب ہونگے ۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے معیاری ہونے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات موثر آسکیں ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نواز سوھو ، اے ڈی سی ون گھوٹکی ،پبلک ہیلتھ اور ورکس ڈپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی ۔