پنجاب ریونیو اتھارٹی چھ ماہ میں49.49ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر کے کامیابیوں کی جانب اپنا سفرمسلسل جاری رکھے ہوئے ہے،وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

منگل 2 جنوری 2018 23:31

پنجاب ریونیو اتھارٹی چھ ماہ میں49.49ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر کے کامیابیوں ..
لاہور۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) پنجاب ریونیو اتھارٹی اس سال بھی چھ ماہ میں49.49ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر کے کامیابیوں کی جانب اپنا سفرمسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ مالی سال 2017-18میں جون سے دسمبر 2017ء تک اکٹھی کی جانے والی ٹیکس کی یہ رقم گزشتہ برس اتنی ہی مدت میں جمع کی جانے والی رقم سے 36فیصد زیادہ ہے جبکہ صرف دسمبر میں 12ارب روپے کی وصولیاں پچھلے سال کی نسبت 57فیصد زیادہ ہیں۔

ان ریکارڈ کامیابیوں کا سہرا بلاشبہ اُن ٹیکس دہندگان کے سر بھی ہے جو حکومت پر اعتماد کر کے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹیکس دراصل وہ نظام ہے جو مہذب معاشرے مہذب تر قوم کی تشکیل کے لیے اپناتے ہیں ۔ حکومت پنجاب ٹیکس دہندگان کے پیسے کو سماجی و ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے تاکہ بہترین بنیادی سہولیات تک ہر ایک کی رسائی کو ممکن بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب کے دیگر شرکاء میں سپیشل سیکرٹری فنانس سیف اللہ ڈوگر، چیئرمین پی آر اے ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی اور محکمہ خزانہ و پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دیگر افسران اور سٹاف شریک تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنی پالیسیوں اور اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا کر اپنے وعدے پورے کر رہی ہے جنھیں عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اُن کی خوش قسمتی ہے کہ وہ ایک ایسی ٹیم کا حصہ ہیں جس کی قیادت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جیسے شخص کے سپرد ہے جو دن رات غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں اور ان کے معیار زندگی کی بہتری کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے۔ بطور وزیر خزانہ کے میں سر اُٹھا کر یہ کہہ سکتی ہوں کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اپنے اہداف کے حصول کے ذریعے حکومت پنجاب کو مقاصد کے حصول میں بھرپور مالی معاونت فراہم کر رہی ہے ۔

اس کے لیے ہم ٹیکس گزاروں کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی اور پی آر اے کی ٹیم کو مبارکبادپیش کی اور اُن کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات تقسیم کیے ۔ صوبائی وزیر نے ٹیم ممبران کو ہدایت کی کہ وہ پوری ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنا کام جاری رکھیں اور ملکی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اُنھیں یقین دلایا کہ اتھارٹی اسی طرح ٹیکس کے نظام میں جدت اور شفافیت کے ذریعے خوب سے خوب تر کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گی ۔

ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس نیٹ کے پھیلائو اور وصولیوں میں اضافے کے لیے مزید اصلاحات پر کام کر رہی ہے جس کی ایک مثال سٹرائیو سسٹم کا آغاز ہے ۔ رئیل ٹائم سیلز ٹیکس انوائس ویری فیکیشن سسٹم نہ صرف بوگس کلیمز کے امکانات کو کم سے کم کرے گا بلکہ وقت کی بچت اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافے کا بھی سبب بنے گا اور ریسٹورانٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی طرح پی آر اے کے گراف کو مزید اوپر لے جائے گا۔

متعلقہ عنوان :