افغانستان میں امریکہ بند گلی میں پہنچ چکا،اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے،

ہمیں امریکہ کی شراکت داری میں ہمیشہ نقصان ہوا، آئندہ کسی بھی جنگ میں امریکہ کے اتحادی نہیں بنیں گے،نہ ہی امریکہ سے کوئی امداد لیں گے، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو

منگل 2 جنوری 2018 23:29

افغانستان میں امریکہ بند گلی میں پہنچ چکا،اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے، ہم نے افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا ہے کیونکہ سرحد پار نقل و حرکت روکنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔ منگل کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ بند گلی میں پہنچ چکا ہے اور اب وہ اپنی ان ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکہ کی شراکت داری میں ہمیشہ نقصان ہی ہوا ہے، آئندہ کسی بھی جنگ میں امریکہ کے اتحادی نہیں بنیں گے اور نہ ہی امریکہ سے کوئی امداد لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جس رقم کی بات کرتے ہیں چاہیں تو اس رقم کا ہمارے خرچ پر آڈٹ کرا لیں اور اس آڈٹ کے لیے وہ کسی بھی امریکی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کر سکتے ہیں، ٹرمپ یہ آڈٹ کرا کے دنیا کو بتائیں کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون دھوکا دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے کا کام پاکستان نے اپنے وسائل سے شروع کیا ہے اور افغانستان کو بھی چاہیئے کہ وہ ایسے ٹھوس اقدامات اٹھائے کیونکہ یہ دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 60 سے 70 ہزار لوگ روزانہ پاک افغان سرحد عبور کرتے ہیں اس لیے ان کی اس نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے مناسب انتظام کا ہونا بہت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی اپنے وطن باوقار واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں اس لیے اب انہیں افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہیئں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ کل امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی کل امداد کے بارے میں تفصیلات بھی بتائیں گے جس کا ذکر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کیا ہے۔

خواجہ محمد آصف کہنا تھا کہ پاکستان ڈونلڈ ٹرمپ کے اس ٹویٹ کا جامع جواب بھی دے گا اور یہ معاملہ پارلیمان میں بھی رکھا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی سالمیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اپنے مادر وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔