بلدیہ ٹائون میں قانون نافذکرنے والے اداروں کا مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں تحریک طالبان پاکستان کے 3 ملزمان ہلاک ہوگئے

رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا تے ہوئے کچھ دہشت گرد فرا ر بھی ہوئے جن کی تلاش میں چھاپے مار ے جارہے ہیں ، رینجرز اور سی ٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے

منگل 2 جنوری 2018 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2018ء) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون میں قانون نافذکرنے والے اداروں کا مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزمان ہلاک ہوگئے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دعوی کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندے کی موجودگی کی اطلاع پر پاکستان رینجرز سندھ اور انسداد دہشت گردی سیل کی مشترکہ کارروائی کے دوران مقابلے کے بعد 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا تے ہوئے کچھ دہشت گرد فرا ر بھی ہوئے جن کی تلاش میں چھاپے مار ے جارہے ہیں ۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے رینجرز اور سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 2 زخمی بھی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ ٹائون کے علاقے قائم خانی کالونی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر پاکستان رینجرز اور انسداد دہشت گردی سیل نے مشترکا کارروائی کی۔

(جاری ہے)

اس دوران مذکورہ علاقوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے اپنے گرد گھیرا تنگ دیکھ کر اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی ۔

رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں3ملزمان مارے گئے ۔ ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار اور سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 2زخمی بھی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان رینجر ز میجرقمبر رضا کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2عدد خودکش جیکٹس ، 2عدد آئی ڈی بارودی بلاک بم ،2عدد ایس ایم جی ، ایک عدد 9ایم ایم پستول ،دھماکا خیز مواداور گولیاں برآمد ہوئیں ۔

ملزمان شہر میں بڑی دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔دہشت گردوں کے ساتھی رات کی تاریکی کا فاعدہ اٹھا تے ہوئے فائرنگ کر تے ہوئے فرار ہوگئے ہیں ۔دہشت گردوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت ودیگر قانونی چارہ جوئی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔