منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے ،ْسرتاج عزیز

مسودے کی تمام دستاویزات قومی اقتصادی کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی ،ْ ڈپٹی چیئر مین منصوبہ بندی کمیشن

منگل 2 جنوری 2018 23:15

منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے صوبوں کے ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2018ء)ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔ وہ منگل کو منصوبہ بندی کمیشن میں 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تیاری کے سلسلہ میں سٹیئرنگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے کیونکہ آئین کی 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں میں مختلف موضوعات تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 12ویں پانچ سالہ منصوبے کے سماجی و اقتصادی مقاصد کی قومی اقتصادی کونسل سے منظوری کے بعد یہ منصوبہ ایک پلیٹ فارم کے طورپر کام دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 12ویں پانچ سالہ منصوبہ میں اقوام متحدہ کے 2030ء کیلئے منظور شدہ پائیدار ترقی کے اہداف کی طرز پر تشکیل کیا جائے گا۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کے وسیع سماجی اور معاشی مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز، صاف توانائی، زرعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعتی بحالی شامل ہیں۔ مسودے کی تمام دستاویزات قومی اقتصادی کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔