ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کے وسیع سماجی اور معاشی مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا

منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے، قومی اقتصادی کونسل سے منظوری کے بعد یہ منصوبہ ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام دے گا، سرتاج عزیز

منگل 2 جنوری 2018 23:06

ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے، قومی اقتصادی کونسل سے منظوری کے بعد یہ منصوبہ ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو منصوبہ بندی کمیشن میں 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تیاری کے سلسلہ میں سٹیئرنگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے کیونکہ آئین کی 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں میں مختلف موضوعات تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 12ویں پانچ سالہ منصوبے کے سماجی و اقتصادی مقاصد کی قومی اقتصادی کونسل سے منظوری کے بعد یہ منصوبہ ایک پلیٹ فارم کے طورپر کام دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 12ویں پانچ سالہ منصوبہ میں اقوام متحدہ کے 2030ء کیلئے منظور شدہ پائیدار ترقی کے اہداف کی طرز پر تشکیل کیا جائے گا۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کے وسیع سماجی اور معاشی مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز، صاف توانائی، زرعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعتی بحالی شامل ہیں۔ مسودے کی تمام دستاویزات قومی اقتصادی کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :