اقلیتی آبادی کی جانچ پڑتال کیلئے آزادانہ کمیشن مقرر کیاجائے،اکرم گل

ْ مردم شماری میں اقلیتوں کے اعداد وشمار میں کمی پر تشویش پائی جاتی ہے،کرسمس تقریب سے خطاب

منگل 2 جنوری 2018 20:56

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جنوری2018ء) سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور اکرم مسیح گل نے کہا ہے کہ مردم شماری میں اقلیتوں کے اعداد وشمار میں کمی پر غیر مسلموں میں تشویش پائی جاتی ہے ، اقلیتی آبادی کی جانچ پڑتال کیلئے آزادانہ کمیشن مقرر کیا جائے تاکہ غیر مسلم اپنی آبادی کے تناسب سے اپنے سیاسی ومعاشی حقوق حاصل کرسکیں۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے نیویارک میں کاتھولک چرچ کی سالانہ کرسمس تقریب کے دوران کیا۔اکرم گل نے کہا کہ کرسمس امن ، صلح اور سلامتی کا تہوار ہے اور ہمیں چاہیے کہ یسوع مسیح کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے عالمی امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشتیں 217سے بڑھا کر 347کردی گئیں لیکن اقلیتوں کی نشستوں میں اضافہ نہ کرنا ان کو سیاسی طور پر کمزور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن سے قبل اقلیتوں کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو ختم کر کے ان کی حلقہ بندیاں بنا کر براہ راست الیکشن کروائے جائیں تاکہ غیر مسلم اپنے نمائندوں کا خود انتخاب کرسکیں۔اس موقع پر فارد ناصر گلفام نے پاکستان کی خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعاکروائی۔ تقریب سے سابق ایم پی اے پرویز رفیق ، فادر الیاس گل ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر کرسمس کیک کاٹا گیا اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :