عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے

،مقبوضہ کشمیر کو ہندوستانی افواج نے فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے‘ریاست کے پیروجوان،مرد وزن کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے ،ہزاروں گمنام قبروں کا انکشاف ہو چکا ہے ،حریت قائدین پابند سلاسل ہیں کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کی بات چیت

منگل 2 جنوری 2018 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جنوری2018ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ،مقبوضہ کشمیر کو ہندوستانی افواج نے فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے ،ریاست کے پیروجوان،مرد وزن کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے ،ہزاروں گمنام قبروں کا انکشاف ہو چکا ہے ،حریت قائدین پابند سلاسل ہیں ،سکولوں کی بچیاں ہاتھوں میں پتھر لے کر ہندوستان کی افواج کا مقابلہ کررہی ہیں ،برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نوجوان اس تحریک کی قیادت کررہے ہیں اہل پاکستان کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق ادا کریں ،آزادکشمیر کی ساری قیادت حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہے پاکستان کی قومی قیادت اپنے انتخابی منشور میں مسئلہ کشمیر کو شامل کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے منصور ہ میں نوجوانوں کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پیر وجوان سڑکوں پر ہیں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں نے یہ عہد کیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریںگے ،جس قوم کے نوجوان ذہنی غلامی کو مسترد کردیں اس کو دنیا کی کوئی طاقت غلام نہیں رکھ سکتا ،انہوں نے کہاکہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیرمیں نیا انقلاب برپا ہو چکا ہے آج کشمیر کے نوجوان بھارت کی قابض افواج کو شب و روز یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ناجائز تسلط کے خاتمے تک ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھیں گے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ کشمیری پر عزم مجاہد بھارتی افواج سے اسلحہ چھین کر اسی سے قابض افواج کا مقابلہ کررہے ہیں زندگی کے تمام شعبوں میں تحریک کی لہر دوبارہ اٹھی ہے جس کو کچلنے کے لیے ہندوستان لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ، ہندوستان طاقت سے تحریک کو ختم نہیں کرسکتا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان کی جامعات ،طلبہ ،اساتذہ اور اہل دانش کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر مجبور ہو گے ہیں جس سے بھارت خوفزدہ ہے ایسے میں نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی جامعات،طلبہ اساتذہ سب مل کر تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کریں مسئلہ کشمیر کو نصاب کا حصہ بنائیں ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حالیہ دورہ برطانیہ ،یورپ اور ترکی میں ممبر ان پارلیمنٹ ،اہل دانش ،ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقاتیں ہوئیں کشمیر کی تازہ صورت حال سے آگاہ کیا ۔