صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کاسیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ کے ہمراہ نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ

پیر 1 جنوری 2018 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2018ء) وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ کے ہمراہ نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے نشتر ہسپتال میں سیزنل انفلوائزاکے آئیسولیشن وارڈ میں مریضوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیزنل انفلوائزا کے خاتمہ کے لئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔ مریضوں کو آئیسولیشن وارڈ میں بھر پور طبی امداد دی جا رہی ہیں۔ہر مریض کو بھر پور توجہ اور سکریننگ دی جا رہی ہے جب کہ نشتر ہسپتال میں سیزنل انفلوائزا کی ویکسین بھر پور مقدار میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت نے ملتان میں ہنگامی بنیادوں پر ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا ہے اور شہریوں کو سیزنل انفلوائزا سے بچائو کے لئے خصوصی طور پر آگاہی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آئیسولیشن وارڈ اور آئی سی یو میں سیزنل انفلوائزا کے مریضوں کے علاج و معالجہ میں ہمہ قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کمی‘ کوتاہی نہ برتی جائے۔ ڈاکٹرز‘ نرسز اور پیرا میڈیکس سٹاف بڑے جذبے سے کام کر رہے ہیں ‘ وہ اپنے حفاظتی کٹس اور ماسک پہن کر مریضوں کی دیکھ بھال کریں اور کام کرنے والے تمام ملازمین کی ویکسی نیشن مکمل کی جائے۔

جب کہ شہریوں کو بھی حفاظتی تدابیر اپنانے کی ترغیب دی جائے۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ نے کہا کہ لاہور سے ماہر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نشتر ہسپتال میں تعینات کر دی گئی ہے تاکہ اس موذی مرض کا چند روز میں خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ صحت کی تمام مشینری سیزنل انفلوائزا کے خاتمہ کے لئے حاضر ہے اور نشتر ہسپتال میں بھی ایمر جنسی نافذ کر کے ہنگامی طبی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیزنل انفلوائزا کے مریض بروقت ایمرجنسی سے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کروائے جائیںاور نجی ہسپتالوں میں سیزنل انفلوائزا کے مریض فوری طور پر نشتر ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کئے جائیں۔صوبائی وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ نے بلڈ لیب ‘ ایمر جنسی اور آئی سی یو میں بھی جا کر سیزنل انفلوائزا کے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری نے صوبائی وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ کو بریفنگ بھی دی۔انہوں نے بتایا کہ نشتر ہسپتال میں اس وقت سیزنل انفلوائزا کے 18 مریض زیر علاج ہیں جن میں 8 کی رپورٹس پازیٹو ہے جب کہ باقی مریضوں کی رپورٹس ابھی آنا باقی ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اختر رشید ‘ کمشنر ملتان بلال احمد بٹ‘ ڈاکٹر عطاء الرحمن و دیگر بھی تھے۔

دریں اثناء صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیزنل انفلوائزا ایک متعدی مرض ہے ۔جس سے بچنے کے لئے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ پنجاب حکومت اس موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ نشتر ہسپتال میں سیزنل انفلوائزا کے خاتمہ کے لئے مریضوں کے علاج و معالجہ میں انتظامیہ دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔

اس بیماری کی صورت میں مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور یہ قابل علاج مرض ہے اس لئے اس مرض سے گھبرانے کی بجائے احتیاط کی ضرورت ہے۔ سیزنل انفلوائزا کے حوالے سے شہریوں کو معلومات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا جائے جب کہ اس مرض پر قابو پانے کے لئے معمر افراد ‘ خواتین اور بچوں کے لئے خصوصی ویکسی نیشن مہم بھی چلائی جائے۔

انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ مریضوں کے ملنے کے لئے لواحقین ماسک‘ کیپ اور گائون کا استعمال کریں۔ اور مریضوں سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی پرہیز کریں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے سرکٹ ہائوس ملتان میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ملتان کے ہسپتالوں پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب نے ہیلتھ کے شعبہ میں بھر پور بجٹ دیا ہے۔

ہسپتالوں میں دی جانے والی ادویات اور علاج و معالجہ میں کوئی کمی نہیںآنے دی جائے گی۔ سیزنل انفلوائزا کے خاتمہ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور سے ماہر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نشتر ہسپتال ملتان میں تعینات کر دی گئی ہے اور وہ جلد ہی اس کی وجوہات معلوم کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔ اب ہسپتالوں کی ایمر جنسی وارڈزمیں بروقت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

پنجاب کا ہیلتھ میپ دوسرے صوبوں کے لئے رول ماڈل ہے۔نشتر ہسپتال ملتان میں دیگر صوبوں سے بھی مریض زیر علاج ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 17۔ اضلاع میں پرائم منسٹر نیشنل ایشورنس ہیلتھ پلان لایا جا رہا ہے جس کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :