لاہور ‘مبینہ طور پر محبوبہ نے 35سالہ عاشق کو بے وفائی پرخوفناک سزا دے دی

پیر 1 جنوری 2018 22:44

لاہور ‘مبینہ طور پر محبوبہ نے 35سالہ عاشق کو بے وفائی پرخوفناک سزا دے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء)مغلپورہ کے علاقے میں مبینہ طور پر محبوبہ نے 35سالہ عاشق کو بے وفائی پر زہردیکرموت کے گھاٹ اتار دیا پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے خاتون کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد کے نواحی علاقے سمندری کا رہائشی وحید احمد وکالت کرتا تھا ۔

اس کی کی پہلی شادی کچھ عرصہ قبل سمندری میں ہی ہوئی اور اس کی ایک بیٹی ہے جبکہ اس کی پہلی بیوی کچھ عرصہ قبل فوت ہو گئی ۔ مغلپورہ پولیس کے مطابق وحید احمد کے پاس عظمیٰ نیاز نامی خاتون سمندری میں کسی کیس کے سلسلہ میں آتی تھی اس کے چار بچے ہیں جبکہ اس کو شوہر بھی فوت ہو گیا تھا دونوں کی سمندری میں ہی دوستی ہو گئی اور بات شادی تک پہنچ گئے دونوں کی میل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری تھا ،پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون عظمیٰ نیاز کے والد نیاز احمد نے اپنی بیٹی کو شوہر کے فوت ہونے کے بعد مغلپورہ کے علاقے محلہ امرتسری فیاض پارک میں گھر رہائش کے لئے دے دیا تھا خاتون گھر میں اپنے بچوں کے ہمراہ رہتی تھی۔

(جاری ہے)

دونوں کے گھر والے اس شادی کے لئے رضا مند نہیں تھے ، مغلپورہ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ وحید احمد کے گھر والوں نے اس کی شادی 20دسمبر کو کر دی تھی ، عظمیٰ بی بی اس کی شادی سے خوش نہیں تھی ۔ گزشتہ روز عظمیٰ نیاز نے وحید احمد کو اپنے گھر ملنے کے لئے بلوایا اور اس کو مبینہ طور پر زہر دیکر قتل کر دیا ، وحید احمد نے مرنے سے کچھ دیر قبل اپنے ایک دوست کو موبائل فون پر ایس ایم ایس کیا کہ اس کو عظمیٰ نے زہر دے دیا ہے جس سے اس کی موت ہو جائے گی ۔

وحید احمد کی موت کی اطلاع اس کے دوست ایڈووکیٹ نے پولیس کو دی جس پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے مقتول کے بھائی افضال سلیم کی مدعیت میں خاتون عظمیٰ نیاز کے خلاف قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرکے خاتون کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔