Live Updates

عمران خان کو سیاست میں گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں آتا، شیخ آفتاب احمد

نیا پاکستان موٹرے وے، سی پیک ،گوارد پورٹ اور دیگر میگا پراجیکٹس سے بنتا ہے، دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے نہیں، پہلے نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر سزا ملی اب انہیں سی پیک بنانے پر نشانہ بنایا گیا ہے، وفاقی وزیر کا سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 1 جنوری 2018 22:40

عمران خان کو سیاست میں گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں آتا، شیخ آفتاب ..
فتح جنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاست میں گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں آتا، نیا پاکستان موٹرے وے، سی پیک ،گوارد پورٹ اور دیگر میگا پراجیکٹس سے بنتا ہے، دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے نہیں۔ پہلے نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر سزا ملی اب انہیں سی پیک بنانے پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے یہ بات پیر کو 3دیہاتوں مورت ،پسوال ،کونجڑکیلئے سوئی گیس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مزید 3گاؤں بنگو ،کسانہ اور تھٹی گجراں کو بھی سوئی گیس دینے کا اعلان کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ عمران خان کو سیاست میں گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں آتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان موٹرے وے، سی پیک ،گوارد پورٹ اور دیگر میگا پراجیکٹس سے بنتا ہے، دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی مسلم لیگ کا وارث محمد نواز شریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نواز شریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے پر سزا ملی اور اب انہیں سی پیک بنانے پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات میں 5ماہ باقی رہ گئے ہیں اور فنڈز کے اجراء کی صورت میں بنگو ،کسانہ اور تھٹی گجراں کو بھی سوئی گیس فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ یو سی جنگل کے لوگ خوش قسمت ہیں۔ میں نے اپنے حلقہ این اے 57کے 226دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کر دی ہے، کسی گاؤں یا علاقہ کی سڑک کچی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ 12اکتوبر 1999کو جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم ہوئی تو اس وقت بھی وزیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے وزارت آفر کی مگر میں نے یہ کہہ کر جواب دے دیا کہ کئی ہزار وزارتیں بھی اپنے لیڈر نواز شریف پر قربان کر سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ترقیاتی کاموں کی دعویدار (ق) لیگ کے دور میں عملی کارکردگی صفر تھی، اب وقت کم اور کام زیادہ ہے، آئندہ بھی مسلم لیگ(ن) کی ہی حکومت بنے گی اور میں ضلع اٹک کو پاکستان کا عظیم ضلع بناؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آئندہ موقع ملا تو فتح جنگ ،پنڈی گھیب اور جنڈ کے دیہی علاقوں کو شہر جیسی سہولیات فراہم کرونگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف علی ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں ہار کر بھی جیت گیا ہوں اور حلقہ کا منتخب ایم این اے جیت کر بھی ہار گیا ہے۔

حاجی اعظم پسوال نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوامی خدمت کے سوا کچھ نہیں، اپنی زندگی علاقہ کے عوام کیلئے وقف کر رکھی ہے، جنگل کو جدید شہر بنانا میرا خواب ہے، محبت کرنے والے یونین کونسل کے عوام اور تعاون کرنے والے قائدین چودھری نثار علی خان ،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور آصف علی ملک ایڈووکیٹ کا مشکور ہوں۔ حاجی شیر خان سدریال نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمت کا جذبہ غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے لیڈروں میں ہوتا ہے، وڈیروں کو خود کسی چیز کی ضرورت نہیں ہوتی اس لئے وہ دوسروں کیلئے مانگنا بھی اپنی توہین سمجھتے ہیں، میں نے اپنے بھائی حاجی ریاست سدریال کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیا ہے، پسوال اور مورت کی سوئی گیس کیلئے بھی حاجی ریاست کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد ،آصف علی ملک ایڈووکیٹ اور دیگر نے سوئی گیس منصوبے اور چودھری نثار علی خان کے سیکریٹریز نے حسنین اعظم روڈ کا افتتاح کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات