امریکہ اپنی پالیسی میں ابہام کا نشانہ پاکستان کو بنا رہا ہے، الفاظ کی جنگ کی بجائے صاف بات کی جائے، سینیٹر شیری رحمن

امریکہ کا ساتھ دیکر جتنا نقصان پاکستان کو ہوا امداد اس کی آدھی بھی نہیں ،امریکہ ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنا چھوڑ دے، اسد عمر ہمارا سپر پاور اللہ ہے ،امریکی دوستی نبھانا تو دور ،دوستی میں عدت کے دس دن بھی پورے نہیں کرتے، شیخ رشید

پیر 1 جنوری 2018 22:40

امریکہ اپنی پالیسی میں ابہام کا نشانہ پاکستان کو بنا رہا ہے، الفاظ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنا چھوڑ دے۔الفاظ کی جنگ کی بجائے صاف بات کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ امریکہ اپنی پالیسی میں ابہام کا نشانہ پاکستان کو بنا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ الفاظ کی جنگ کی بجائے صاف بات کرے۔

حساب کتاب کیلئے ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی امداد اپنے پاس رکھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے امریکی صدر کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا ساتھ دیکر جتنا نقصان پاکستان کو ہوا امداد اس کی آدھی بھی نہیں ، انہوں نے کہا کہ امریکہ ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنا چھوڑ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں تک امدادی ڈالروں کا تعلق ہے ، امریکہ کا ساتھ دیکر پاکستان نے بے وقوفی کی ۔

پاکستان نے امریکہ کو شیخی بگھاڑنے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ کا امریکی ساتھ کا پاکستان کی معیشت کو بھاری نقصان ہوا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے ہزاروں جانیں دی ہیں ہمارا یقین ہے سپر پاور اللہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دوستی نبھانا تو دور دوستی میں عدت کے دس دن بھی پورے نہیں کرتے، دس ٹرمپ بھی اکٹھے ہو جائیں تو پاکستان کا بال بیکا نہیں کرسکتے۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا جینا مرنا پاکستان اور اسلام کیلئے ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان ان کی قومی اور صدارتی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔