تعلیم ترقی کا زینہ ہے، حصول علم کا سفر ہمیشہ جاری رہنا چاہئے، شاہد خاقان عباسی .

تعلیم اور صحت کے شعبے صوبائی حکومتوں کو منتقل ہونے کے باوجود وفاقی حکومت ان شعبوں کیلئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کریگی، وزیراعظم کی راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ کیئر کے طلباء سے گفتگو وزیراعظم کو راشد آباد منصوبے اور اس کے مستقبل کے توسیعی منصوبوں بارے آگاہ کیا گیا

پیر 1 جنوری 2018 22:34

تعلیم ترقی کا زینہ ہے، حصول علم کا سفر ہمیشہ جاری رہنا چاہئے، شاہد خاقان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کا زینہ ہے، حصول علم کا سفر ہمیشہ جاری رہنا چاہئے، تعلیم اور صحت کے شعبے صوبائی حکومتوں کو منتقل ہونے کے باوجود وفاقی حکومت ان شعبوں کے لئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات پیر کو وزیراعظم ہائوس میں ملنے والے راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ کیئر کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔ راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ کیئر سندھ میں ٹنڈو اللہ یار کے قریب واقع کثیر جہتی فلاحی منصوبہ ہے جو پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران کی طرف سے شروع کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت معاشرے کے کم مراعات یافتہ طبقے کے خصوصی توجہ کے مستحق بچوںکو متعدد سکول، ہسپتال، رہائشی اور تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔

وزیراعظم سے وفد کی ملاقات اس منصوبہ کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کے مختلف حصوں سے طلباء کو مدعو کر کے اعلیٰ سطحی دفاتر اور وزیراعظم سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر طلباء کو حکومتی امور کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بچوں نے وزیراعظم سے مختلف معاملات کے بارے میں سوالات کئے ۔اس موقع پر وزیراعظم کو راشد آباد منصوبے اور اس کے مستقبل کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے اس بہترین منصوبے کا آغاز کیا جس کا مقصد انسانیت بالخصوص معاشرے کے کم مراعات یافتہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کی خدمت اور فلاح و بہبود ہے۔ وزیراعظم نے کار خیر میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے کردار کو بھی سراہا۔ ایک طالبعلم کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے ملک میں تعلیم کے فروغ بالخصوص خصوصی بچوں کیلئے خدمات فراہم کرنے والے تعلیمی اداروں کیلئے حکومتی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے صوبائی حکومتوں کو منتقل ہونے کے باوجود وفاقی حکومت ان شعبوں کے لئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔