قوت سماعت سے متاثرہ خصوصی بچوں کو آلہ سماعت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب بھر پور وسائل فراہم کرے گی، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں

پیر 1 جنوری 2018 22:27

قوت سماعت سے متاثرہ خصوصی بچوں کو آلہ سماعت اور دیگر سہولیات کی فراہمی ..
فیصل آباد۔یکم جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) ضلع کے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں زیر تعلیم قوت سماعت سے متاثرہ خصوصی بچوں میں دوسرے مرحلے میں 27 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کے 184 آلہ سماعت تقسیم کئے گئے جبکہ اس سے قبل 49 لاکھ 80 ہزار روپے سے متاثرہ سماعت بچوں کو332 آلہ سماعت فراہم کئے جا چکے ہیں جس کے لئے چناب کلب کے ممبران اور دیگر مخیر حضرات نے مالی معاونت کی ہے۔

اس سلسلے میں رنگا رنگ تقریب نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں مہمان خصوصی تھے ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ وائس چیئرمین پی ایچ اے /ایم پی اے حاجی خالد سعید ‘ ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید ‘ سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی رانا محمد شبیر ‘ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار کے علاوہ سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کے پرنسپلز ‘ ٹیچرز ‘ خصوصی بچے اور ان کے والدین بھی تقریب میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے متاثرہ سماعت طالب علموں کیلئے آلہ سماعت کے انتظامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر غنی کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہااور اعلان کیا کہ ضلع میں تمام متاثرہ بچوں کو آلہ سماعت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب بھی بھر پور وسائل فراہم کرے گی ۔انہوں کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کی مشترکہ توجہ کے متقاضی ہیں اور انہیں خصوصی تعلیم کے ساتھ ضروری تربیت اور بولنے سننے کی صلاحیت فراہم کرکے زندگی کی دوڑ میںشامل رکھا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محروم اور کمزور طبقات کا ہر طرح سے خیال رکھنا زندہ اور مہذب معاشرے کی علامت ہے اور خیر و فلاح کی ان ذمہ داریوں کو احساس کے ساتھ انجام دینے والا نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی سرخرو ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماعت سے محروم بچوں کو آلہ سماعت کی فراہمی بڑی نعمت ہے اور ایسے بچوں کی رعنائیاں لوٹانے میں غفلت نہیں ہونی چاہئے ۔

صوبائی وزیر قانون نے سپیشل ایجوکیشن اداروں کی انتظامیہ سے کہا کہ متاثرہ سماعت بچوں کی سننے کی صلاحیت سے متعلق ٹیسٹ کرکے فہرست مرتب کریں تاکہ متاثرہ سماعت کوئی بچہ اس سہولت سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے مخیر حضرات کے فیاضیانہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوںنے خصوصی بچوں کو آلہ سماعت کی سہولت فراہم کرنے کے نیک کام میںبڑھ چڑھ کرحصہ لیا ہے ۔

انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے سپیشل ایجوکیشن کی ترقی کے انقلابی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جھنگ روڈ پر وسیع و عریض اراضی پر ڈگری کالج کاقیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جس کی تعمیر عنقریب شروع ہوجائے گی جبکہ عمارت کی تکمیل تک بچوں کیلئے عارضی بلڈنگ میں کلاسز کا اجراء کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے دیگر اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سپیشل اداروںمیں زیر تعلیم خصوصی بچوںکا ماہانہ وظیفہ دو سو روپے سے بڑھا کر آٹھ سو روپے کر دیا گیا ہے جبکہ انہیں مفت تعلیمی سہولتوں کے ساتھ پک اینڈ ڈراپ کی سروس بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت خصوصی افراد کو خدمت کارڈز جاری کرکے انہیں ماہانہ امداد دی جارہی ہے ۔

انہوںنے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے سپیشل ایجوکیشن کے افسران و ٹیچرز محنت و کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ یہ کٹھن فریضہ انجام دے کر خصوصی بچوںکے والدین کا بوجھ بانٹ رہے ہیں جوکہ انتہائی نیک کام ہے ۔ انہوںنے تقریب کے کامیاب انعقاد کے سلسلے میں سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر منتظمین کو مبارکباد اور مختلف سنٹرز کے خصوصی بچوں کی طرف سے مہارت و صلاحیت سے ملی نغمے ‘ خاکے ‘ ٹیبلو اوردیگررنگا رنگ پروگرامز پیش کرنے والے بچوں کو خوب داد دی ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سپیشل ایجوکیشن کی بہتری اور اداروں میں زیرتعلیم متاثرہ سماعت بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور بچوںکو معیاری سفری سہولت مہیا کرنے کے ساتھ گونگے بہرے بچوں کوآلہ سماعت کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھر پور توجہ دیکر انہیں احساس محرومی سے دور رکھا جا سکتا ہے جس کے لئے کوششوں اورجذبوں میں کمی نہیں آنی چاہئے ۔

قبل ازیں ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں اور ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کے جذبہ خدمت اور مخیر حضرات کے گرانقدر تعاون اور ہمدردی کو سراہا اور کہا کہ جن والدین کے بچے آلہ سماعت کے ذریعے سننے اور بولنے کی صلاحیت حاصل کر رہے ہیں وہ دعائیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈجکوٹ اور کھرڑیانوالہ میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر قائم کئے جارہے ہیں جبکہ فیصل آباد کے دو پرائمری سکولوں کی اپ گریڈیشن کے علاوہ جلد ڈگری کالج بھی کام شروع کر دے گا ۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی تقریب میں بھر پور انداز میں دلچسپی سے شرکت کرنے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔