ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال اٹک میں دھماکہ؛ دوسری منزل کی چھت گر گئی ،6افراد جاں بحق متعدد زخمی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 1 جنوری 2018 21:39

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال اٹک میں دھماکہ؛ دوسری منزل کی چھت گر گئی ،6افراد ..
اٹک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 1جنوری2018ء ):ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال اٹک میں سلنڈر دھماکہہو گیا جس کے نتیجے میں ہسپتال کی دوسری منزل کی چھت گر گئی۔اب تک 6افراد کے جاں بحق ہونے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال اٹک میں گیس سلنڈرپھٹ گیا ۔دھماکہ خواتین وارڈ میں ہوا ۔دھماکے کے باعث ہسپتال کی بالائی منزل کی چھت گر گئی جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے د ب گئے۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں کا آغاز کر دیا گیا۔دھماکے کے بعد ہسپتال کی بجلی معطل ہو چکی ہے جس کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کاروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اب تک 6افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ حادثے کی نوعیت کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔دھماکے اور چھت کے منہدم ہو جانے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں ۔