دھرنوں، استعفوں اور احتجاج کی سیاست سینٹ الیکشن کو سبوتاژ کرنے کیلئے کی جارہی ہے، چوہدری شیر علی خان

اگر سینٹ الیکشن منعقد ہوگئے تو عام انتخابات بھی مقررہ وقت پر ہوں گے ، صوبائی وزیر برائے معدنیات کی گفتگو

پیر 1 جنوری 2018 22:07

دھرنوں، استعفوں اور احتجاج کی سیاست سینٹ الیکشن کو سبوتاژ کرنے کیلئے ..
پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2018ء) صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ دھرنوں، استعفوں اور احتجاج کی سیاست سینٹ الیکشن کو سبوتاژ کرنے کیلئے کی جارہی ہے اگر سینٹ الیکشن منعقد ہوگئے تو عام انتخابات بھی مقررہ وقت پر ہوں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب بخاری گروپ الیکٹرانک میڈیا پنڈی گھیب کے سیکرٹری جنرل شاہد حیدر کی رہائش گاہ پر ان کے ماموں و سسر مشتاق حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر معاون خصوصی سردار وقار حسین ، پرسنل سیکرٹری نوید میر ، شیخ شعیب اور دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نسبت انڈسٹریز میں روزگار کے وسیع مواقع ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت نے سی پیک اور گوادر منصوبے شروع کیے جن کی تکمیل سے نہ صرف ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا بلکہ بیروزگاری کی شرح میں بھی خاطر خواہ کمی ہوگی انہوں نے کہا کہ مستحکم حکومت ، امن و امان کی صورتحال تسلی بخش اور توانائی کے ذرائع موجود ہونے پر ہی سرمایہ دار انڈسٹری لگانے پر آمادہ ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے وطن عزیز کو نت نئے تجربات کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔