وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ کیئر کے طلباء کی ملاقات

راشد آباد منصوبے اور اس کے مستقبل کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا علم کے حصول کا سفر ہمیشہ جاری رہنا چاہیے ،تعلیم اور صحت کے شعبے صوبائی حکومتوں کو منتقل ہونے کے باوجود وفاقی حکومت ان شعبوں کے لئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

پیر 1 جنوری 2018 21:57

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ ..
اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تعلیم کو ترقی کا زینہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علم کے حصول کا سفر ہمیشہ جاری رہنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ کیئر کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔ راشد آباد سٹی آف ایجوکیشن اینڈ کیئر سندھ میں ٹنڈو اللہ یار کے قریب واقع ہے، یہ ایک کثیر الجہتی فلاحی منصوبہ ہے جو پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ آفیسرز نے شروع کیا ہے۔ اس کے تحت بچوں کے لئے متعدد سکول، ہسپتال، رہائشی اور تفریحی سہولیات ایسے بچوں کے لئے فراہم کی گئی ہیں جنہیں توجہ کی خصوصی ضرورت ہے اور ان کا تعلق معاشرے کے کم مراعات یافتہ طبقے سے ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سے اس وفد کی ملاقات اس منصوبہ کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کے مختلف حصوں سے طلباء کو مدعو کر کے اعلیٰ سطحی دفاتر اور وزیراعظم سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر طلباء کو حکومت کے امور کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بچے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کر کے بہت خوش ہوئے اور انہوں نے مختلف معاملات کے بارے میں وزیراعظم سے سوالات کئے۔

وزیراعظم کو راشد آباد منصوبے اور اس کے مستقبل کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس بہترین منصوبے کا آغاز کیا جس کا مقصد انسانیت بالخصوص معاشرے کے کم مراعات یافتہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کی خدمت اور فلاح و بہبود ہے۔ وزیراعظم نے اس کار خیر میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے کردار کو بھی سراہا۔

ایک طالب علم کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے ملک میں تعلیم کے فروغ بالخصوص خصوصی بچوں کے لئے خدمات فراہم کرنے والے تعلیمی اداروں کے لئے حکومتی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے صوبائی حکومتوں کو منتقل ہونے کے باوجود وفاقی حکومت ان شعبوں کے لئے اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔