سعودی عرب کریمنل کو بچائینگے تو ان کا وقار کم ہوگا ،نواز شریف کیسز کا سامنا کریں کلیئر ہوکر آجائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا ‘فواد چوہدری

سعودی عرب نواز شریف کے کاروبار سے متعلق نیب کے ساتھ تعاون کرے ،قادری صاحب کے ساتھ سیاسی تعلق نہیں ،سانحہ ماڈل ٹائون پر ان کے ساتھ ہیں ‘پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 1 جنوری 2018 21:38

سعودی عرب کریمنل کو بچائینگے تو ان کا وقار کم ہوگا ،نواز شریف کیسز کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف لوٹ مار کے چیف انچارج تھے، چیف چور نااہل ہوا تو چالیس چوروں نے لوٹ مار کا نیا راستہ نکالا، ایف زیڈ ای کی رجسٹریشن دبئی کے فری زون میں کرائی گئی ، ایف زیڈ ای میں ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں، ایف زیڈ کیپٹل کے ذریعے منی لانڈرنگ ہوتی تھی،نیب چاہتا ہے کہ سعودی عرب نواز شریف کے کاروبار سے متعلق ان کے ساتھ تعاون کرے ،قادری صاحب کے ساتھ سیاسی تعلق نہیں ہم سانحہ ماڈل ٹائون پر ان کے ساتھ ہیں ، نواز شریف کیسز کا سامنا کریں کلیئر ہوکر آجائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔

فوادی چوہدری نے ان خیالا ت کااظہارعمر سرفرازچیمہ اور عائشہ چوہدری کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نواز شریف کا دورہ سعودی عرب ہل میٹل اسٹیبلشمٹ سے متعلق ہے،نیب کی کاروائی سے بچنے کا ڈھونگ رچایا جارہا ہے ،شہباز شریف کو جہانگیر ترین کے جہاز پر اعتراض ہے لیکن ایک غیر ملکی جہاز پر شہباز شریف سعودی عرب روانہ ہوجاتے ہیں اس پر ان کو اعتراض نہیں ، بیرون ملک سے اگر جہاز آئے اور حکمران ہابر چلے جائیں تو ملک خود مختار نہیں رہ سکتا ،نواز شریف خود کو اینٹی اسٹیبلشمنٹ کہتے تھے ، 2000 ء میں کہا کہ میں مقدمات لڑوں گا لیکن بعد میں پوراخاندان ڈیل کر کے سعودی عرب بھاگ گیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، عوام کسی ڈیل کو قبول نہیں کریں گی، کوششیں ہورہی ہیں کہ ڈیل ہوجائے۔انہوںنے کہا کہ 28 فروری کو سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہورہی ہے، سعودی عرب اگر کریمنل کو بچائیں گے تو ان کا وقار کم ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے اسحاق ڈار کے ولاز کے بارے میں کاغذات سامنے لائے جس پر اسحاق ڈار نے کہاکہ وہ ولازپانچ سال پہلے بیچ دیئے تھے، ولاز کے کاغذات پر اسحاق کے دستخط ہیں، ایچ ڈی ایس ٹاور سے متعلق اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ میں کیوں جھوٹ بولا، وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کروایا گیا ، این ار او میں نواز شریف کو ڈیل ملتی ہے تو جیلوں میں بند چھوٹے مجرموں کو بھی ڈیل دی جائے ، پاکستانی عوام ایسی کسی بھی ڈیل کو مسترد کرتے ہیں ۔

فواد چوہدری نے کہاکہ شریف فیملی کے اندر دو لڑائیاں چل رہی ہیں۔ نیب چاہتا ہے کہ سعودی عرب نواز شریف کے کاروبار سے متعلق ان کے ساتھ تعاون کرے ۔ انہوں نے کہاکہ قادری صاحب کے ساتھ سیاسی تعلق نہیں ہم سانحہ ماڈل ٹائون پر ان کے ساتھ ہیں ، نواز شریف کیسز کا سامنا کریں کلیئر ہوکر آجائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔